• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سر اور ناک پر چوٹ لگنے کی اہم وجہ اسمارٹ فونز قرار

واشنگٹن( جنگ نیوز) ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے مطابق سیل فون سے چہرے پر زخموں اور چوٹ لگنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، 1998 سے 2017 تک اسمارٹ فون کے باعث ایسے واقعات رونما ہوئے جو لوگوں کے زخمی ہونے کی وجہ بنے۔ جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن (جے اے ایم اے) میں شائع ہونے والی اسمارٹ فون سے متعلق تحقیق شائع ہوئی ہے جس میں ایک غیر معمولی واقعہ بھی بتایا گیا ہے کہ کس طرح ایک خاتون کے چہرے پر سخت کیسنگ والا فون گرا اور ان کی ناک کی ہڈی پر گہرا زخم آگیا تھا۔رٹگرز امریکی ریاست نیوجرسی کے واقع میڈیکل اسکول کے ڈاکٹر بورس پیشکوور نے گزشتہ 20 برس کا ڈیٹا جمع کیا ہے اور ان کے مطابق 2006 میں جب اسمارٹ فونز کی فروخت شروع ہوئی تو ان واقعات میں اضافہ ہوا۔ڈاکٹروں کے مطابق اسمارٹ فون سے وابستہ چہرے اور گردن کی چوٹوں میں بسا اوقات اس لیے اضافہ ہورہا ہے کہ لوگ فون استعمال کرتے کرتے کسی رکاوٹ اور دیوار سے ٹکراجاتے ہیں۔یہ زخم توجہ ہٹنے کی وجہ سے پیدا ہورہی ہیں جن میں سے اکثریت معمولی نوعیت کی ہیں لیکن بعض چوٹوں کا اثر بہت دیر تک رہتا ہے اور اس کا علاج کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔محققین کے مطابق 1998 سے 2017 تک 76000 ایسے واقعات ہوئے جن میں لوگوں کو چوٹیں لگی ہیں، ان میں سے کئی افراد کو ہنگامی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا ہے اور لگ بھگ 100 ہسپتالوں نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔بعض چوٹوں سے معمولی خراشیں آئی ہیں لیکن فریکچر اور ہڈی کے مجروح ہونے کے واقعات بھی نوٹ کئے گئے ہیں۔ فون استعمال کے دوران چلتے ہوئے، سڑک عبور کرتے ہوئے جو حادثات ہوئے ہیں وہ سنگین نوعیت کے ہیں۔کئی واقعات میں لوگ نشیب میں اترتے ہوئے فون استعمال کرتے ہوئے منہ کے بل گرے ہیں جس سے خطرناک نقصانات نوٹ کئے گئے ہیں۔حیرت انگیز طور پر لوگوں نے فون استعمال کرتے ہوئے چھوڑ دیا جس سے آنکھ، ناک اور گالوں پر چوٹیں آئیں اور ایسی چوٹوں کا تناسب 40 فیصد نوٹ کیا گیا ہے،ان کا شکار ہونے والے افراد کی عمریں 13 سے 29 برس نوٹ کی گئی ہیں۔ڈاکٹربورس نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چلتے ہوئے فون استعمال نہ کریں تاکہ سنگین خطرات سے بچ سکیں اور دوسری جانب فون کے استعمال میں حد درجہ محتاط رہیں۔
تازہ ترین