• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائی آلودگی میں کمی کے انسانی صحت پر حیرت انگیز اثرات

لندن ( جنگ نیوز) سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ ہوا میں آلودگی کم ہونے کے انسانی صحت پر حیرت انگیز نتائج برآمد ہوتے ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ ہوا کے معیار کو بہتر بنا کر امراضِ قلب اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں 40 فیصد تک کمی کی جا سکتی ہے۔ایک سٹڈی کے بعد ماہرین کا یہ انکشاف سامنے آیا کہ آلودگی کو کم کر کے صحت کیلئے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ رہائشی جگہوں پر ٹریفک کے شور کو کم اور آبادی سے دور منتقل کر کے فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے لوگوں کی صحت صرف ایک ہی ہفتے میں بہتر ہو سکتی ہے۔ امریکن تھوراسک سوسائٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ڈین کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ بات تو معلوم تھی کہ فضائی آلودگی کم کرنے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن یہ معلوم نہیں تھا کہ فضائی آلودگی کو کم کرنے سے صحت پر یہ اثرات اتنے کم وقت میں ہی نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ امریکن تھوراسک سوسائٹی کے جریدے اینالیسز میں شائع ہونے والی سٹڈی سے یہ پتہ چلا کہ ہوا میں آلودگی کم کرنے سے صحت پر بہت جلد مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ڈاکٹرز نے کہا کہ ریسرچ کے نتائج سے میں تحقیق سے معلوم ہوا کہ آئرلینڈ کی حکومت نے جب سے عوامی مقامات اور دیگر جگہوں پر سگریٹ پینے پر پابندی عائد کی تو وہاں کے لوگوں میں دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں 30 فیصد تک کمی آ گئی ۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ اسی طرح بیجنگ میں 2008 کے اولمپکس کے دوران جب وہاں کی سڑکوں اور فیکٹریوں کو بند کیا گیا تھا تو فضائی آلودگی کی مقدار 62 فیصد کم ہو گئی تھی اورڈاکٹرز سے رجوع کرنے والے دمے کے مریضوں میں 58 فیصد کمی واقع ہوئی تھی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہم آلودہ ہوا میں سانس لیتے ہیں تو ان کے اثرات جسم کے ٹشوز (مساموں) پر براہ راست زہریلے ثابت ہو سکتے ہیں، جس سے کم عمری میں ہی کسی کو بھی دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔
تازہ ترین