• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کی صحت کے حوالے سے سیمینارکاانعقاد کیا گیا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) نیوٹریشن انٹرنیشنل رائٹ سٹارٹ پروگرام نے پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور پراونشل نیوٹریشن سیل خیبرپختونخوا کے تعاون سے بچوں کی صحت کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں بچوں کی عمر کے ابتدائی ہزار دنوں میں ان کی خوراک، خصوصاً ماں کے دودھ اور دیکھ بھال کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایس اے ڈاکٹر جانباز آفریدی، رائٹ سٹارٹ پروگرام کے کوآرڈی نیٹر محمد ارشد سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوٹریشن محکمہ صحت ڈاکٹر افضل مجید، ڈاکٹر سائرہ جبین گائناکالوجسٹ اور ڈاکٹر ثانیہ سحر نے شرکاء سے خطاب کیا۔ سیمینار میں ڈاکٹرز، نرسز مڈوائف اور ایل ایچ ویز نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے بچوں کی بہتر غذا کا خیال رکھنا ضروری ہے خصوصاً پیدائش سے لیکر دو سال کی عمر تک بچوں کی خصوصی دیکھ بھال اور مطلوبہ غذا کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، نوزائیدہ بچوں کی بہتر صحت کے لئے ابتدائی چھ مہینے تک انہیں صرف ماں کا دودھ پلانا ضروری ہے جس سے بچے مختلف بیماریوں سے محفوظ اور صحت مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طب کے شعبے سے وابستہ سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس سلسلے میں معاشرے میں شعور اجاگر کرنا ہوگا خصوصاً علماء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
تازہ ترین