• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ دور میں کمرے کی چھت کو ’پانچویں دیوار‘ قرا ر دیا جاتا ہے۔ ایک جدید گھر کی تعمیر میں دیوار وں کی آرائش وزیبائش جتنی اہم ہوتی ہے، اتنا ہی چھتوں کو ٹرینڈز کے پیش نظر تعمیر کروانا بھی ضر وری ہوتا ہے۔ یوں سمجھ لیں کہ جدید سہولیات سے آراستہ گھر کی تعمیر میں اب چھتوں پر پتھر اور جپسم کا استعمال ناکافی تصور کیا جاتا ہے بلکہ اب پلاسٹر آف پیرس یا پھر مختلف ڈیزائن سے تعمیر کردی فالز سیلنگ کا رجحان کافی مقبول ہے۔ 

آئیے آج بات کرتے ہیں چھتوں کے کچھ مختلف اور منفرد ڈیزائن و اسٹائل کی تاکہ آپ جب بھی گھر کی تعمیر و تزئین نو کا ارادہ کریں تو ہمارا مضمون آپ کی رہنمائی کے لیے مددگار ثابت ہو۔

فالز سیلنگ کے فوائد

ٹرینڈز کو صرف آرائش وزیبائش تک ہی محدودنہیں ہونا چاہیے بلکہ کسی بھی رجحان کی مقبولیت کیلئے اس کا فائدہ مند ہونا بھی ضروری ہے۔ فالز سیلنگ کے فوائد کا ذکر کیا جائے تویہ چھتیں نہ صرف گھر کی دلکشی میں اضافے کا سبب بنتی ہیں بلکہ ان کے ذریعے ڈک ورک مثلاً وائرنگ اورپائپس کو بخوبی چھپایا جاسکتا ہے۔ 

اس کے علاوہ فالز سیلنگ کے ذریعے نقصان پہنچانے والے موسمی اثرات میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔موسمی اثرات میں کمی کے ساتھ ساتھ یہ چھتیں کسی حد تک مؤثر توانائی لیے ہوتی ہیں یعنی موسم گرما میں ٹھنڈی جبکہ موسم سرما میں گرم رہنے کی وجہ سے یہ بجلی کے بلوں میں کمی کا باعث بنتی ہیں۔ فالز سیلنگ کی مرمت کی صورت میں پینلز کو کھولنا قدرے آسان ہوتا ہے۔

فالز سیلنگ کے مختلف فوائد جاننے کے بعد اب بات کرتے ہیں اس کے ٹرینڈز اور ڈیزائن کی۔

گلاس سیلنگ

ایک جدید گھر کی تعمیر میں شیشہ خاص مواد کے طور پر شامل کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گھر کے کسی بھی کمرے کی چھت کے لیے چھوٹے بڑے سائز کے سجاوٹی اور ٹرانسپرنٹ شیشوں کے استعمال کا رحجان بڑھتا جارہا ہے، اسے ’’گلاس روف‘‘ کہا جاتا ہے۔ اگر آپ شیشے کا استعمال نہ کرنا چاہیں تو شیشے کی طرز کا ٹرانسپرنٹ پلاسٹک بھی چھت کے لیے منتخب کرسکتے ہیں، یہ نسبتاً مضبوط ہوتا ہے اور اس کے خراب ہونے کا خدشہ بھی کم رہتا ہے جبکہ یہ بازار میں بھی بآسانی دستیاب ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ چھتوں کی سجاوٹ شیشے سے ہی کرنا چاہتے ہیں تو پھر مضبوطی اور پائیداری کو ہرگز نظر انداز نہ کریں بلکہ انہیں خاص اہمیت دیں۔

پینٹنگ سیلنگ

فالز سیلنگ کے لیےپینٹنگ ڈیزائننگ اس برس کے مقبول رجحانات میں سے ایک ہے، جس کے تحت کمرے کی چھت پر سفید رنگ کے بجائے مختلف رنگ وروغن کروایا جا تا ہے۔ چھت کے لیے رنگ وروغن کا انتخاب کمرے کی دیواروں کے ڈیزائن یا ان کے رنگ کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے لیونگ روم کی دیواروں کے لیے گرے وال پیپر کا انتخاب کیا ہے توپھر چھت پر بھی گرے رنگ کا پینٹ کروایا جائے۔ رواں برس مقبول پینٹنگ سیلنگ ٹرینڈ کم بجٹ میں آپ کے تعمیراتی فن کو جدت اور انفرادیت بخشتا ہے۔

وال پیپر سیلنگ

وال پیپر سیلنگ کو ماہرین اگلے برس کے مقبول ٹرینڈ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ گھر کی تعمیر نو کے دوران وال پیپر سیلنگ بنوانا آپ کے بجٹ پر بھی گراں نہیں گزرے گا۔ وال پیپر سیلنگ کو ماہرین پینٹنگ سیلنگ سے زیادہ فائدہ منداور بجٹ فرینڈلی تصور کرتے ہیں۔ اس کے بے شمار اور منفرد وال پیپر ٹیکسچر اور کلرزپیٹرن دستیاب ہیں۔ ٹرینڈز کی بات کی جائے تو ان دنوں چھت کے لیے اسٹریپڈ پیٹرن وال پیپر کا استعمال خاصا عام ہے جبکہ ان اسٹریپڈ پیٹرن کے اسٹائل میں ہوریزنٹل اسٹریپ (اُفقی دھاریاں) سے زیادہ ورٹیکل اسٹریپ (عمودی دھاریاں) پیٹرن وال پیپر زیادہ مقبول ہیں۔

پلاسٹک پینل سیلنگ

ماہرین کم بجٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پلاسٹک پینل سیلنگ ڈیزائن کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر آپ چاہتے ہیں کہ کم بجٹ کے ساتھ پائیدار فالزسیلنگ ڈیزائن کا انتخاب کیا جائے تو جان لیں کہ پلاسٹک پینل سیلنگ اس حوالے سے بہترین ہے۔ اس ڈیزائن کے تحت چھتوں پر پلاسٹک پینل نصب کیے جاتے ہیں، جو چھت کے اندر یا بیرونی طرف نصب کیے جاتے ہیں۔ ان پینلز کا ایک خاص فائدہ ان میں کلر اسکیم کی لامحدود ورائٹی ہے، جس کے تحت کسی بھی کمرے کی کلر اسکیم کے ساتھ ان پینلز کو بآسانی نصب کیا جاسکتا ہے۔

فلورل سیلنگ

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر کی چھتیں عام گھر کی چھتوں سے مختلف لگیںتو ان پر خوبصورت انداز میں کٹ ورک کام بھی کروایا جاسکتا ہے۔ اس میں چھت کی بنیاد پر فلورل ڈیزائننگ چسپاں کی جاتی ہے یا پھر دوسری صورت میں چھتوں کو خوبصورت انداز میں کاٹ کر دہرے رنگوں سے تیار کیا جاتا ہے ۔آپ کٹ ورک کے لیے کسی ایک کلرکے بجائے دو رنگوںکا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین