2دسمبر متحدہ عرب امارات کا قومی دن ہے،جس کی خوشی میں تقاریب کا سلسلہ پورا مہینہ چلتا ہے۔ پاکستانی برادری کی جانب سے یو اے ای کے 48ویں قومی دن کے موقعےپر حکمرانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے،متحدہ عرب امارات کے بانی اور اس کے پہلے شیخ زاید بن سلطان النہیان پاکستان سے خصوصی محبت رکھتے تھے، انہوں نے پاکستان میں کثیر سرمایہ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بھی بڑھ چڑھ کر قومی دن کی تقریبات کا انعقاد کرکے خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ اور دیگرسیاسی گروپوں نے بھی قومی دن کے حوالے سے تقاریب کا اہتمام کیا۔
پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای نے بھی پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پروقار تقریب کا اہتمام کرکے یو اے ای کے حکمرانوں اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔ تقریب کا آغاز شیخ محمد پرویز نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ جنرل سیکرٹری حافظ زاہد علی نے کمپیئرنگ سے تقریب میں جان ڈال دی۔راقم نے مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ سینئر نائب صدر طاہر منیر طاہر نے اظہار خیال کرتے ہو کہا،امارات کے عوام بھی ہمیں اپنے بھائیوں کی طرح سمجھتے ہیں۔ یہاں کے حکمران جس لگن اور محنت سے یو اے ای کو عروج کی بلندیوں پر لے گئے ہیں۔
وہ ایک مثال ہے بلکہ نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان احمد امجد علی تھے جو سرکاری مصروفیات کی وجہ سے تشریف نہیں لاسکے۔ ان کی کمی ہیڈ آف چانسری و ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے پوری کردی۔ ڈپٹی قونصل جنرل نے حال ہی میں چارج سنبھالا ہے انہیں تقریب میں بھرپور خوش آمدید کیا گیا۔ پریس قونصلر عاشق حسین شیخ، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام پاکستان بزنس کونسل کے صدر اقبال دائود ، ابوطہبی چیمبر آف کامرس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن خان زمان سرور، ممتاز سماجی شخصیات بشیر مرچنٹ، رضوان فینسی، ابوبکر امتیاز اور شاہد اسلام نے بھی خصوصی شرکت کرکے یو اے ای کے قومی دن کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا یو اے ای ہمارا دوسرا گھر ہے۔ یہاں کے حکمرانوں نے ہمیں قطعہ اراضی دیا۔
ہمارے ممبران نے مل کر پاکستان آڈیٹوریم اور پاکستان میڈیکل سینٹر کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ یہ ہمارے لئے عظیم تحفہ ہے۔ بزنس کونسل کے صدر اقبال دائود نے کہا کہ ہم یہاں کے حکمرانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں ہمیں یہاں کاروبار کرنے کی پوری آزادی ہے۔ خان زمان سرور ممبر ابوظہبی چیمبر آف کامرس نے کہا شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم کے ویژن نے اپنی فکر، نظریے، جوش ولولے ، انتھک محنت، جدوجہد اور جذبہ خدمت سے یو اے ای کو خطے کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کیا ہے۔ یہ ہمارے لئے ایک مثال ہے ہمارے سفارت کاروں کو مقامی شیوخ کے ساتھ روابط کو بڑھانا چاہئے۔ یہ سب پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔
پاکستان کے ساتھ ان کے تعلقات دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔ مہمان خصوصی گیان چند نے کہا کہ انہیں پی جے ایف کے ارکان اور عہدے دادوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی صحافیوں کے ساتھ روابط بڑھیں، تاکہ مل جل کر کمیونٹی مسائل کو حل کیا جائے۔ مجھے پاکستان ایسوسی ایشن کی عمارت میڈیکل سینٹر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ ایسوسی ایشن نے بہترین کام کیا ہے۔ یو اے ای میں تقریباً 16لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ یہ ان کا دوسرا گھر ہے۔
یہاں کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا بھی اہم رول ہے ہم بھی اپنے اماراتی عوام کے ساتھ خوشیو میں برابر کے شریک ہیں۔ پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعے پر ممتاز صحافی خالد محمود گوندل کو صحافتی خدمات پر شیلڈ دی گئی، جب کہ احمد قریشی نے ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند، عاشق حسین شیخ، ڈاکٹر فیصل اکرام، خان زمان سرور، اقبال داؤد، سعدیہ عباسی اور اشفاق احمد کو سندھی اجرک پیش کی۔
اس موقعے پر کیک بھی کاٹا گیا، عوام کو مبارک بھی دی اور اجتماعی طور پر یو اے ای کے حکمرانوں اور عوام کو نیک خواہشات کا پیغام دیا گیا۔ سبط عارف، طاہر منیر طاہر، ارشد انجم، زمرد بونیری، عارف شاہد، راجہ اسد، محمد شاہد، شیخ محمد پرویز، احمد قریشی، سمیع اللہ، سعدیہ عباسی، جمیل خان، حافظ زاہد علی اور خالد محمود گوندل نے بھی یو اے ای کے حکمرانوں اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔