ہر سال کی طرح میمن ویلفیئر سوسائٹی ،جدہ نے اس مرتبہ بھی آٹھویں سالانہ ایوارڈ کی تقریب کا جدہ میں اہتمام کیا ،جس میں کمیونٹی کے تقریباً 100 شاندار طالب علموں کو اعزاز سے نوازا گیا،
اس تقریب کے مہمان خصوصی معروف سعودی اسکالر ، مصنف ، اسلامی معاشیات کے ماہر اور شاہ فیصل ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا تھے، جبکہ صدارت سعودی خاتون دانیہ خالد المعینا نے کی۔تقریب میں 500 سے زائدافراد نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹرز ، انجینئرز ، صنعت کاروں ، طلباء ، بزرگ ، نوجوان، خواتین اور بچے شامل تھے۔ صدر میمن سوسائٹی عرفان کولساوالا نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ ہم گذشتہ 8 سال سے اس تقریب کا اہتمام کر رہے ہیں ،ہر سال طلبا اس تقریب کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔
سکریٹری جنرل طیب موسانی نے سوسائٹی کی فلاحی خدمات وسرگرمیوں سے مہمانوں، حاضرین وشرکاء کو آگاہ کیا۔طیب موسانی نے 3 زبانوں اردو ، انگریزی اور میمن میں تقریر کی اور کہا کہ بیرون ملک کمیونٹی کی مددیا وفلاحی خدمات کرنا آسان نہیں ہے، لیکن اگر نیت خالص اور عزم وسیع ہو تو اللہ مدد کرتا ہے۔ – انہوں نے کہا کہطالبات میں مریم فواد چھاپرا نے اے لیول (بزنس)میں پورے سعودی عرب میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور طلبامیں نجف عمران قادر نے او لیول کے بائیولوجی میں پورے سعودی عرب میں اول پوزیشن حاصل کی ۔
تقریب میں پاکستان ٹی وی ،اسٹیج کی معروف شخصیت آفتاب عالم عرف جانو جرمن نے بھی شرکت کی اور حاضرین کو خوب محظوظ کیا –۔مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا نے کہا کہ میمن برادری کو دنیا میں ان کی فلاحی خدمات کی وجہ سے جانا جاتا ہے، جو ان کا ورثہ ہے۔دانیہ المعینا جو سعودی عرب کے معروف صحافی خالد المعینا کی بیٹی ہیں ، پاکستانی برادری سے محبت کا اظہارکیا اور اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ وہ میمن سوسائٹی جدہ کی خدمات سے بہت متاثر ہوئی ہیں اور ان کے ساتھ مشترکہ طور پر کمیونٹی کے لئے فلاحی کام کرنے کا عزم رکھتی ہیں ۔
تقریب میں جاوید خیرانی نے والدین کے نام سے ایک نظم پیش کی جبکہ وسیم تائی اور سراج آدمجی نے تقریب کی نظامت کی۔