• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قطب شمالی غیر معمولی تیزی سے اپنی جگہ تبدیل کر رہا ہے، ماہرین

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ زمین کا قطب شمالی غیر معمولی انداز سے اپنی جگہ تبدیل کر رہا ہے اور یہ سائبیریا کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق، قطب شمالی 30؍ میل فی سال کی رفتار سے اپنی جگہ سے ہٹ رہا ہے۔ 16ویں صدی کے وسط سے ریکارڈ کردہ اعداد و شمار کے مطابق، منتقلی کے معاملے میں یہ سب سے تیز رفتار ریکارڈ کی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں جاری کردہ تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ قطب شمالی 1900ء میں کینیڈا میں تھا جو آہستہ آہستہ اپنی جگہ تبدیل کرتے ہوئے اب امریکی ریاست الاسکا سے بھی آگے بڑھ چکا ہے اور اب سائبیریا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ برٹش جیولوجیکل سروے کے ماہر سیارین بیگان نے برطانوی ادارے کو بتایا کہ 1590ء سے لے کر 1990ء تک قطب شمالی کینیڈا کے قریب ہی گردش کرتا رہا لیکن 20؍ سال کے دوران یہ قطب 10؍ کلومیٹر سے لے کر 50؍ کلومیٹر فی سال کی رفتار سے اپنی جگہ تبدیل کرتا رہا۔ اس کے برعکس جنوبی قطب نے گزشتہ 100؍ سال کے دوران بمشکل ہی اپنی جگہ تبدیل کی ہے۔ یاد رہے کہ زمین کا مقناطیسی میدان (میگنیٹک فیلڈ) کرۂ ارض کے مرکز میں موجود پگھلے ہوئے لوہے (لیکوئڈ آئرن) سے بنتا ہے، یہ آئرن زمین کی سطح سے 1800؍ میل نیچے موجود ہے۔ اس سطح پر لوہے کا درجہ حرارت 5432؍ ڈگری فارن ہائٹ ہے اور ایسے بہتا ہے جیسے پانی۔ جیسے جیسے یہ لوہا پانی کی طرح بہتاہے ؛ یہ مقناطیسی میدان تیار کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کا مقناطیسی میدان زمین کو تباہ کن شمسی اور خلائی تابکار شعاعوں سے محفوظ رکھتی ہے۔
تازہ ترین