• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکیل کے موٹر سائیکل سوار شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل

لاہور کے وکلاء کی جانب سے شہری پرکیے گئے تشدد کی وائرل ہونے والی ویڈیو


لاہور میں پی آئی سی پر وکلاء کے حملے کے روز ایک شہری پر تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

بدھ 11 دسمبر کو سیکڑوں وکلاء کے لاہور میں امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر دھاوا بولنے کے دوران صرف ڈاکٹر ہی نہیں وکلاء کے ظلم و تشدد کا شکار عام راہ چلتے شہری بھی ہوئے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکلاء ایوانِ عدل سے نکلے تو انہوں نے موٹر سائیکل سوار کو روک لیا، ایک وکیل نے پہلے ہیلمٹ اتروایا پھر منہ پر تھپڑ مارے۔

ویڈیو کے مطابق کئی وکیل ایک موٹر سائیکل سوار کو گھیر کر روک لیتے ہیں اور اس کی بائیک کی چابی سوئچ سے نکال کر اسے ہیلمٹ اتارنے پر مجبور کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’کراچی کے ڈاکٹروں کو بھی نہیں چھوڑیں گے‘‘ وکلاء

وکیل شہری سے کہتا ہے کہ بائیک روکتے ہوئے زور کیوں لگا رہے ہو، تو شہری نے کہا کہ بھائی میں زور نہیں لگا رہا۔

اسی دوران وکیل موٹر سائیکل سوار کو واپس مڑنے کو کہتا ہے اور اس کی جانب سے چابی مانگنے پر اس کے منہ پر زور دار تھپڑ مارتا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل 11 دسمبر کو لاہور میں سیکڑوں وکلاء امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر چڑھ دوڑے۔

بڑی تعداد میں مشتعل وکلاء آپریشن تھیٹر، آئی سی یو اور وارڈز میں گھس گئے، جنہوں نے اسپتال کی قیمتی مشینیں اور دیگر آلات توڑ دیئے، عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مریضوں کے آکسیجن ماسک اتار دیئے۔

اسپتال میں ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے دوران طبی امداد نہ ملنےسے 4 مریض جاں بحق ہوگئے، وکلاء نے ہنگاموں کے دوران پولیس موبائل، ڈاکٹرز اور مریضوں کی گاڑیاں بھی جلا دیں۔

تازہ ترین