• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اِن ہاؤس تبدیلی آئی تو ہاؤس کا بھی اللّٰه ہی حافظ ہے ،حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ اِن ہاؤس تبدیلی آئی تو ہاؤس کا بھی اللّٰه ہی حافظ ہے، اعتزاز احسن کے بار میں داخلہ پر پابندی ،جیسے بیٹوں نے باپ کا اسی کے گھر میں داخلہ بند کر دیا،عمران خان بہت بڑا تجربہ ہے اس تجربے کی تکمیل کا کم از کم آئین کے مطابق مدت پوری ہونے تک انتظار کیا جائے، شہباز شریف کا ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز کو جواب نہ دینا جرم کا اعتراف ہے،اس ملک کا مسئلہ اقتصادیات نہیں اخلاقیات کاہے،کراچی کے وکلاء کی ڈاکٹرز کو دھمکی غلط بات اگر ڈاکٹرز نے فیصلہ کرلیا کہ کسی وکیل، اس کے بیمار والدین ، بچوں اور اہلیہ کو اسپتال میں گھسنے نہیں دیں گے تو کیا ہوگا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ آج وکیل جس مقام پر کھڑے ہیں وہ اعتزاز احسن کے مرہون منت ہیں، وکیلوں کا جن بوتل سے نکالنے میں ان کا بڑا کردار تھا ۔حسن نثار نے کہا کہ وکیل کی پوری شخصیت ’دلیل‘ ہوتی ہے لیکن اس ملک میں دلیل کو دفن ہوئے سترسال ہوگئے ہیں، انسان سازی کی جائے وہ سب کچھ بنالیں گے ورنہ سب کچھ اجاڑ دیں گے۔حسان نیازی کے والد حفیظ اللّٰه نیازی کے مقابلہ میں ان کے ماموں عمران خان وزیراعظم ہیں لہٰذا میڈیا جب ان کا ذکر کے گا تو عمران خان کا ہی حوالہ دے گا اس میں کوئی کنفیوژن نہیں ہونی چاہئے۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ میرا اب اس ملک کے بارے میں کچھ کہنے کو دل نہیں کرتا ہے، اِن ہاؤس تبدیلی آئی تو ہاؤس کا بھی اللّٰه ہی حافظ ہے، ہاؤس کا لفظ میں بہت وسیع تر معنوں میں استعمال کررہا ہوں۔

تازہ ترین