• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد صاحب اسٹوڈنٹ ویزہ پر گئے نہ ہی گرفتار ہوئے، مراد سعید

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ میرے والد صاحب نہ تو اسٹوڈنٹ ویزہ پر گئے نہ ہی گرفتار ہوئے ہیں۔

مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے والد سعید اللّٰہ پیر کے آسٹریلیا ایئر پورٹ پر حکام کی جانب سے روکے جانے کی خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن کے اپنے ایئرپورٹس پر کپڑ ے اترتے ہیں وہ دوسروں کی عزتیں اچھال کے اپنی تشفی کا سامان کرنے سے باز آئیں تو بہتر ہوگا۔

مراد سعید نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ان میں رتی برابر شرم ہو تو یہ سوچ کے ڈوب مریں کہ میرے اوپر نہ کرپشن کا الزام ہے نہ ہی ان کے پاس میرے والد پر اُٹھائے گئے سوالوں کے جواب ہیں۔

انہوں نے اپنے  مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بہو بیٹیوں کےناموں پر جائیدادیں نکل آئیں تو چادر اور چار دیواری کا واویلا مچا دیتے ہیں اور دوسروں کی عزتوں پہ انگلی اٹھاتے ہوئے اپنی نام نہاد اقدار کا انہیں کوئی لحاظ نہیں۔

مراد سعید نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ ’تف ہےان کی سیاستوں پر۔‘

واضح رہے گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی وزیر مراد سعید کے والد سعید اللہ پیر پاکستان سے میلبرن آسٹریلیاپہنچے تھے جہاں انہیں ایئر پورٹ حکام نے روک لیا تھا اور وہ دستاویزات کے حوالے سے امیگریشن حکام کومطمئن نہیں کرسکے تھے جس کے باعث میلبرن پولیس امیگریشن نے انہیں اپنی تحویل میں لیا تھا۔

تازہ ترین