پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) لاہور حملے کے 6 روز گزر گئے پر وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی پولیس کے ہاتھ نہ لگے۔
صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان پر تشدد کرنے والے ایک اور وکیل کی شناخت ہوگئی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کو سر پر تھپڑ مارنے والا وکیل زین عباس شاہدرہ کا رہائشی ہے جو اب تک فرار ہے، فیاض چوہان پر تشدد کرنے والے وکلا میں اب تک 2 کی شناخت ہو سکی ہے۔
اس سے پہلےصوبائی وزیر پر تشدد میں ملوث ایک وکیل عبد الماجد کی شناخت ہوئی تھی۔
لاہور پولیس پی آئی سی حملے کے حوالے سے وکلا کی شناخت تو روزانہ کی بنیاد پر کر رہی ہے۔تاہم پولیس ابھی تک فیاض چوہان پر تشدد کرنے والے دونوں وکلا، وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی اور اسلحہ لہرانے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے وکیل سمیت کسی کوبھی گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
11 دسمبر کو پی آئی سی کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والے وکیل عابد ناز اور اسلحہ دکھا کر دکانیں بند کرانے والے وکیل عدیل ملک کی بھی شناخت ہو چکی ہے، تاہم پولیس انہیں بھی گرفتار نہیں کر سکی۔
وزیر اعظم کے بھانجےحسان نیازی بھی مقدمے میں نامزد ہیں، مگر کئی دن گزرنے کے باوجود پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔