• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملالہ ’سال‘ اور ’دہائی‘ کی بہترین نوجوان قرار


معروف امریکی فیشن میگزین ’ٹین ووگ‘ نے کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی کو اپنے میگزین کے سر ورق کی زینت بناتے ہوئے انہیں سال اور دہائی کا بہترین نوجوان قرار دیا ہے۔

امریکی جریدے نے 21 ویں صدی کی دوسری دہائی کے اختتام پر دنیا بھر کے متحرک، معروف اور سماجی مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کے خصوصی انٹرویوز کرنے اور انہیں سر ورق کی زینت بنانے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور انہوں نے اس سلسلے کا آغاز ملالہ یوسف زئی سے کیا۔



میگزین  سے بات کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ خود بھی ذہنی دباؤ کے حوالے سے مسائل کا سامنا کر چکی ہیں تاہم  وہ اس مسئلے کی پوری طرح وضاحت کرنے سے قاصر ہیں۔


ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ جہاں حملے کے وقت انہیں جسمانی تکلیف پہنچی وہیں بعد میں پروپیگنڈے کے تحت انہیں سوشل میڈیا پر بھی نشانہ بنایا گیا جس سے وہ  ذہنی پریشانی اور مسائل کا بھی شکار ہوگئیں، تاہم وہ اس مسئلے سے جلد نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔

22 سالہ ملالہ کا کہنا تھا  اگر آپ ذہنی مسائل محسوس کرتے ہیں تو میرا نہیں خیال کہ یہ اتنا بڑا مسٔلہ ہے۔ میں اب بھی ایسا نہیں سوچتی کہ میں ڈپریشن یا اضطراب کا شکار ہوں لیکن اس کے باوجود اس بات میں کوئی مضائقہ یا برائی نہیں ہے کہ آپ اس حوالے سے مدد طلب کریں۔ میں ہمیشہ اپنے والدین کے ساتھ ان مسائل پر بات کرتی رہی ہوں۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سال سے اب نوجوانوں کو نا صرف سنا جانے لگا ہے بلکہ نوجوان دنیا میں بڑی بڑی تبدیلیوں کا سبب بن رہے ہیں اور اگلی دہائی نوجوانوں کی دہائی ہوگی۔

فیشن میگزین کے سرورق پر شائع کی جانے والی پاکستانی کارکن کی خصوصی تصاویر  دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں۔

تازہ ترین