بھارت میں شہریت سے متعلق متنازع قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج کی حمایت میں بالی ووڈ اداکارہ شبانہ اعظمی بھی بول پڑیں۔
شبانہ اعظمی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہماری آواز کو دبانے کے بجائے بھارتی حکومت ہماری آواز کو سنے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھارت میں احتجاج کررہے ہیں میں پوری طرح سے ان کے ساتھ ہوں مگر افسوس میں اس وقت ہندوستان میں موجود نہیں ہوں ورنہ مظاہرین کے ساتھ اس احتجاج میں شامل ہوتی۔
شبانہ اعظمی نے اپنی ویڈیو میں اپنے شوہر اور معروف بھارتی شاعر جاوید اختر کے دو شعر پڑھ کر اپنے دلی جذبات کا اظہار بھی کیا۔
جو مجھ کو زندہ جلارہے ہیں وہ بے خبر ہیں
کہ میری زنجیر دھیرے دھیرے پگل رہی ہے
میں قتل تو ہوگیا تمھاری گلی میں لیکن
میرے لہو سے تمھاری دیوار گل رہی ہے
واضح رہے کہ بھارت میں شہریت سے متعلق متنازع قانون کے خلاف احتجاج کی لہر کئی ریاستوں تک پھیل گئی ہے، متعدد شہروں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جبکہ نئی دہلی میں انٹرنیٹ سمیت ایس ایم ایس سروس معطل ہے۔
نئی دہلی، ممبئی سمیت کئی شہروں میں متعدد بھارتی سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی کال پر آج احتجاج کے لیے شہری سڑکوں پر موجود ہیں اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
نئی دہلی کے بعد اتر پردیش اور کرناٹک میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، نئی دہلی اور یوپی میں پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ نئی دہلی میں انٹرنیٹ معطل ہے اور ایس ایم ایس سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آسام، نئی دہلی، مغربی بنگال، اتر پردیش سمیت دیگر بھارتی ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، بہار اور کرناٹک میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ہڑتال بھی کی جارہی ہے۔
نئی دہلی کے لال قلعے کے قریب دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ 60 این جی اوز اور سٹیزن گروپوں کا اتحاد بھی قانون کے خلاف احتجاج کر رہا ہے جسے کانگریس کی بھی حمایت حاصل ہے۔