لاہور(نمائندہ جنگ، نامہ نگاران ، ایجنسیاں ) پاکستان کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں خصوصی عدالت کی طرف سے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو دی گئی سزا کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔یہ مظاہرے آل پاکستان مسلم لیگ، سول سوسائٹی،سماجی تنظیموں و دیگر کی طرف سے نکالے گئے۔اس سلسلے میں گوجرانوالہ میں آل پاکستان مسلم لیگ کی طرف سےایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پرویز مشرف کو سزائے موت دینا غیر ملکی طاقتوں کا خانہ جنگی کا ایجنڈا ہے ، ہم سب پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک دشمنوں کی ناپاک سازش خاک میں ملا دینگے۔ سرگودھا شہر سمیت ریجن میں پاک فوج اور سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں پاکستان فوج زندہ باد ریلیوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جن میں شہریوں کی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے فوج کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور جنرل (ر)پرویز مشرف کے فیصلہ پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ میانوالی،کالا باغ اور دیگر جگہوں سے پاک فوج زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں ۔عارفوالا میں ریلی نکالی گئی جو بلدیہ چوک سے شروع ہو کر جناح چوک میں اختتام پذیر ہو گئی۔ جڑانوالہ میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی چوہدری علی اختر کی قیادت میں سابق صدر پرویزمشرف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔سمبڑیال اور گجرات میں سول سوسائٹی نے پرویز مشرف کے خلاف آنیوالے فیصلے پر سراج پلازہ گلزار مدینہ روڈ سے لے کر نوابزادہ چوک تک احتجاجی ریلی۔ مقررین نے کہا کہ انھوں نے دو جنگوں میں بھی حصہ لیا ہے وہ کسی صورت غدار نہیں ہو سکتے ۔چنیوٹ میں پاک فوج کے حق اورسابق صدر پرویز مشرف کے فیصلے کے خلاف ضلع بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ احتجاجی ریلیوں کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔مقررین نے کہا کہ فیصلے کے خلاف عوام میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، کارگل جنگ کے ہیرو کو غدار کا لقب دینا انتہائی شرمناک فعل ہے۔فقیروالی میں پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلہ آنے پر تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے حق میں ریلی نکالی اور نعرے بازی کی۔ شورکوٹ میں بھی شہر کے عوامی وسماجی حلقوں اوررکشہ ڈرائیوروں نے عدالت کی طرف سے سابق صدر جنر ل پرویز مشر ف کودی جانیوالی سزا کے خلاف ریلی نکالی گئی۔سرگودھا میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں نے پرویز مشرف کو غداری کیس میں سزائے موت دیئے جانے کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ سمبڑیال ، سبی، باجوڑ ، جیکب آبادمیں بھی سول سوسائٹی اور مختلف تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئے ،شہر کے مختلف مقامات پر ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔