راولپنڈی( نیوز رپورٹر) جما عت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کی ترجمانی کا حق ادا کریں۔مسئلہ کشمیر کے حل کا تقاضا ہے قومی قیادت کو متحد کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر پر بزدلی اور بددلی سے گریز کیا جائے۔ چیف آف آرمی سٹاف کی مدت ملازمت کی توسیع پر اہم ترین سوال کھڑا ہوا ہے۔ سنگین غداری کا مرتکب ہونے والا آج اپنے انجام کو پہنچا ہے۔حالات کا تقاضا ہے قومی قیادت کو قومی ایشوز پر متحد کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید عارف شیرازی ، ڈاکٹر طارق سلیم ، سید عزیر حامد اور رضا شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لیا قت بلوچ نے کہا کہ وہ خود 22 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی تا ڈی چوک کشمیر مارچ کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کانفرنس میں شرکت سے انکار کرکے عمران خان نے اپنے بہترین دوستوں ملائشیا، ترکی کو چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے ہر چیز کی خاطر اپنی ذات کو استعمال کیا، وہ اپنے کیے کے خود ذمہ دار ہیں۔عدالت نے مشرف کو آئین کے تحت سزا دی ہے۔