وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے گزشتہ دنوںجدہ میں بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ایک روزہ سیمینار میں شرکت کی۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے بانی ممبروں میں سے ایک ہے اور ہم پاکستان کی ترقی میں آئی ڈی بی کی فراخ دلی سے تعاون کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان IDB کی اسلامی ترقیاتی بینک کی مالی اعانت سے فائدہ اٹھانے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ڈی بی نے اپنے قیام کے بعد سے پاکستان کے لئے 12.43 بلین ڈالر کی فنانسنگ کی ہے، وفاقی وزیر نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں خصوصاً پولیو کے خاتمے کے منصوبے میں اسلامی ترقیاتی بینک کی امداد کو سراہا۔حماد اظہر نے مسلم ممالک میں تجارت کو فروغ دینے کے ذریعے لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے آئی ٹی ایف سی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
سیمینار کے دوران انہوں نے ’’اسٹریٹجک ترقی کی حیثیت سے تجارت: آئی ٹی ایف سی اور اس کے شراکت داروں کے کردار‘‘کے موضوع پر پینل بحث میں بھی حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی تجارت پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ہے اور لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ پائیدار ترقی کے مقاصد کو حاصل کرنے اور مثبت تبدیلی لانے اور عام آدمی کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے مسلم ممالک کے مابین تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ایف سی کو تجویز دی کہ اسلامی بینکاری میں تربیتی کورسز تیار کریں کیونکہ پاکستان میں اسلامی بینکاری پنپ رہی ہے۔
سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 40 فیصد معیشت چھوٹے صنعتی یونٹس پر مبنی ہے اور ہم برآمدات پر مبنی معیشت کی جانب جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قریبی خطے اور مسلم ممالک کے درمیان تجارت پر توجہ دینے اور مواقع کی تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے اور یہ تمام ممالک کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
وزیر نے دوسرے مسلم ممالک کے ماہر معاشیات اور مالیاتی مشیروں اور بینکوں کے سی ای او سے بھی بات چیت کی اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ایف سی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پاکستان میں ایگزم بینک قائم کرے جو ہماری برآمدات میں مددگار ثابت ہوسکے۔
اس تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ آئی ٹی ایف سی ہماری ایندھن کی ضروریات کو فنانس کرنے میں مالی اعانت فراہم کرتی ہے اور اس سے ہمارے زرمبادلہ پر دباؤ کم ہوتا ہے۔بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (ITFC) اسلامی ترقیاتی بینک کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے جس کا مقصد مسلم ممالک کے لوگوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے تجارت کو فروغ دینا ہے۔ شریعت کے مطابق تجارتی مالیات کے فروغ کے لیے، آئی ٹی ایف سی اپنی مہارت اور فنڈز سے اپنے ممبر ممالک میں کاروبار اور حکومتوں کی مدد کرتی ہے۔