اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ایک اور شاہکار آپ کے سامنے آگیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب) کو بی آر ٹی پشاور میں اربوں کے کھڈے نظر نہیں آتے ۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام کے لیے اداروں کو استعمال کرنے والا آج عبرت کا نشان بنا ہوا ہے، عمران خان کی چھٹی ہونے والی ہے اس لیے ڈر اور خوف میں کارروائیاں ہورہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نے کچھ دیر پہلے واضح کیا تھا دھمکیوں اور قید کے باوجود ڈٹ کر کھڑے رہیں گے، ان کا قصور یہ ہے کہ پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کو امید دی۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نالائق، نااہل، سلیکٹڈ اور جھوٹے ہیں، آرٹیکل 6 تو عمران خان کے اوپر لگنا چاہیے، وہ فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت کرنے والوں کے خلاف ساز ش ہورہی ہے، نارروال اسپورٹس سٹی کی منظوری احسن اقبال نے نہیں دی، اس منصوبے کی منظوری پیپلزپارٹی کے دور میں دی گئی۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری سے پارٹی اور کارکنوں کے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے، جو کرنا ہے کرو اور لوگوں کو بھی گرفتار کرو، جھوٹے کو جھوٹا کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 مہینے سے کبھی ایک، کبھی دوسرے کو جیل میں ڈال کر آپ لائق ہوگئے؟، عمران خان نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کررہے ہیں، انہوں نے مذہب کو بھی استعمال کیا جس کے باعث احسن اقبال کو گولی لگی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چوروں اور نالائقوں کو ملک سے بھگائیں گے، عدالتوں میں کسی گرفتار رہنما کے خلاف آج تک ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اگر کسی نے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے تو وہ عمران خان ہیں، کچھ نہ ملے تو ہیروئن ڈال دو، یہ ہوتا ہے اختیارات کا غلط استعمال، یہ ملک کسی اناڑی کے حوالے نہیں کریں گے۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ جب تک عوام کو حق حکمرانی نہیں ملے گا، آئین کی بالادستی نہیں ہو گی، جنگ لڑیں گے، مسلم لیگ ن پیچھے نہیں ہٹے گی، عوام کی آواز بن کر کھڑی رہےگی۔