مریم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کسی دوسرے بنچ کو بھجوانے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی درخواستوں کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں بنچ ہی کرے گا۔
مریم نواز کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر تھی تاہم عدالتی تعطیلات کے پہلے ہفتےکے دوران جسٹس علی باقر نجفی کا بنچ موجود نہیں اور رواں ہفتے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں بنچ نیب کے خلاف کیسوں کی سماعت کر رہا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا کیس جسٹس طارق عباسی کے بنچ میں لگانے کی استدعا منظور نہیں کی۔
واضح رہے کہ لاہور میں 8 جنوری تک موسم سرما کی عدالتی تعطیلات ہیں اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکالنے اور پاسپورٹ کی واپسی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔