• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریت بل کے خلاف احتجاج کرنے والے فسادی، بھارتی آرمی چیف کا پہلا سیاسی بیان، بی جے پی کے لیڈر بن گئے، اپوزیشن

نئی دہلی ( نیٹ نیوز) شہریت قانون کے خلاف جاری مظاہروں پر بھارتی آرمی چیف نےتاریخ میں پہلی بارسیاسی بیان دیتے ہوئے کہا ہےکہ شہریت بل کیخلاف احتجاج کرنیوالے فسادی ہیں لیڈر نہیں جس پر اپوزیشن نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ بھارتی آرمی چیف بی جے پی کے لیڈر بن گئے، بپن راوت نے سیاسی بیان دیکر آئینی حدود سے تجاوز کیا، آرمی چیف کو آج سیاسی معاملات میں بولنے کی اجازت دی گئی تو کل انہیں حکومت کا تختہ الٹنے کا جوازبھی مل جائے گا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوجی چیف جنرل بپن راوت نےنئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’’لیڈر وہ ہوتے ہیں جو لوگوں کو درست سمت پر چلاتے ہیں، لیڈر وہ نہیں ہوتے جو لوگوں کو نامناسب سمت دکھاتے ہیں، جس طرح ہم نے دیکھا کہ بڑی تعداد میں جامعات اور کالجز کے طلبہ باہر نکلے‘‘۔

بھارت آرمی چیف نے مظاہرین کی قیادت کرنے والے رہنماؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’رہنما وہ ہوتا ہے جو قیادت کرتا ہے، جب آپ آگے بڑھتے ہیں تو لوگ آپ کے قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلتے ہیں، جس طرح لوگوں کے ہجوم اسلحہ لے کر نکلے اور مختلف شہروں اور قصبوں میں ہنگامہ آرائی کرتے رہے یہ لیڈرشپ نہیں ہوتی یہ فساد ہوتا ہے‘‘۔ 

بپن راوت کے بیان پر حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے ترجمان برجیس کلپا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بپن راوت کا بیان شہریت قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج کی مخالفت میں ہے جو کہ مکمل طور پر آئینی جمہوریت کے خلاف ہے۔

اگر آرمی چیف کو آج سیاسی معاملات میں بیان بازی کی اجازت دی گئی تو کل انہیں حکومت کا تختہ الٹنے کا بھی جواز مل جائے گا۔

تازہ ترین