وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کا خواب باپ بیٹے کو دن رات پریشان کیے ہوئے ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمار اور وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کا خواب باپ بیٹے کو دن رات پریشان کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال اسی پریشانی میں گزرا آئندہ ساڑھے تین برس بھی اسی کرب میں گزریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مراد سیعد نے کہا کہ تین سال کے بعد بھی انشاءاللّٰہ انہیں شرمندگی اور پریشانی کا ہی سامنا رہے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوری حکومت کو پیپلز پارٹی کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کریں گے۔
مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست والد کی کرپشن کی اسیر ہے، ان کا المیہ یہ ہے کہ جب بھی ٹی وی پر نمودار ہوں گے کرپشن کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے کی چوری سے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے جیالوں میں پیسے بانٹنے تک بلاول بھٹو زرداری کرپشن کی ہر واردات کا دفاع کرتے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ بلاول کے والد نے کرپشن کے ایسے ایسے شرمناک طریقے ایجاد کیے کہ دنیا حیران ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم نے اپنا پیٹ کاٹ کر محروم اور نادار طبقے کے لیے انکم سپورٹ پروگرام کی حمایت کی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بلاول کے والد نے انکل نواز کے ساتھ مل کر انکم سپورٹ کے فنڈ کو جیالوں اور متوالوں کو پالنے کے لیے استعمال کیا۔