کئی دن سے میڈیا میں گردش کرنے والی طلاق کی خبروں پر بلآخر شہروز سبزواری نے لب کشائی کرتے ہوئے اپنا ویڈیو بیان جاری کردیا۔
بیان میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ سائرہ اور ان کے درمیان طلاق نہیں ہوئی ہے اور وہ دونوں افہام و تفہیم کے ساتھ گزشتہ 6 ماہ سے علیحدہ رہ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی ماں بہنوں کے بارے میں کچھ بولا جائے گا تو آپ کیسے اس کا دفاع کریں گے، میرے پاس تو سوشل میڈیا کی طاقت ہے میں تو دفاع کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ دہرانا چاہتا ہوں کہ کیا میں نے اور میرے اہل خانہ نے یا پھر سائرہ اور ان کے اہل خانہ نے اس حوالے سے کوئی بیان دیا ہے؟
شہروز نے کہا کہ چھ ماہ قبل انہوں نے اور سائرہ نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ہم کچھ دن تک علیحدہ رہیں گے اور یہ فیصلہ کریں گے کہ مستقبل میں کیا کیا جائے؟
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور سائرہ اپنی بیٹی سے بہت محبت کرتے ہیں اور یہ دونوں کے ساتھ ہی رہتی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم دونوں نے چھ ماہ قبل ایک عقلمندانہ فیصلہ لیا تھا جسے گھٹیا بنادیا گیا ہے۔
شہروز نے کہا کہ ہر جگہ یہ کہا جارہا ہے کہ ہم اپنا تعلق ختم کرچکے ہیں، افواہیں کیوں اڑائی جارہی ہیں؟