• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر: نئے سال کیساتھ لاک ڈاؤن کے 150 دن مکمل

نئےسال 2020ء کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 150 دن ہو گئے۔

مظفر آباد میں کشمیریوں کی یاد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

دنیا بھر میں خوشیوں اور امیدوں سے نئے سال کا سورج طلوع ہواہے جبکہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کے 150 دن مکمل ہو گئے۔

2019ء کا سال کشمیریوں کے لیے سفاکانہ اور اذیت ناک رہا، قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ سال 210 کشمیریوں کو شہید، 2417 کو زخمی، 12 ہزار 892 کو گرفتار کیا۔

شہید ہونے والوں میں 3 خواتین اور 9 لڑکے بھی شامل ہیں، 16کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں یا دورانِ حراست تشدد کر کے شہید کیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019ء میں مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن، گرفتاریاں، بھارت مخالف مظاہرے اور بھارتی فوج کے محاصروں کا سلسلہ جاری رہا۔

اس دوران بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے 827 کشمیریوں کو پیلٹ گنوں سے زخمی کیا، چھرے لگنے سے 162 کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے۔

کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 662 افراد کو گرفتار کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے جاری بھارتی فوج کا لاک ڈاؤن 150 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیوں کو 144 روز ہوگئے

نئے سال کے پہلے دن کے طلوع ہونے کے ساتھ ہی مظفر آباد میں بسنے والے کشمیری اپنے محصور بہن بھائیوں سے یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

آزاد کشمیر کے شہریوں نے آزادی چوک میں خواتین اور بچوں کے ہمراہ دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ کشمیر سے قابض بھارتی افواج کا قبضہ ختم کروا کے کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلایا جائے تاکہ وہ رائے شماری کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

تازہ ترین