کراچی کے بعض علاقوں میں صبح سویرے ہوئی بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا ، جبکہ کوئٹہ شہر میں سردیوں کی پہلی برف باری کا آغاز ہوگیا ہے۔
کراچی میں چلنے والی کڑاکے کی تیز ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے ، شہر میں صبح سویرے بوندا باندی بھی ہوئی ہے جبکہ کل سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی میں بوند باندی ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد 3 جنوری کو بارش کا امکان ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ اور گردونواح میں صبح سویرے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جو رواں سال موسم سرما کی پہلی برف باری ہے۔
برفباری کےبعد متعدد شہری موسم کا مزہ لینے کے لیے گھروں سے نکل آئے ہیں، کچھ شہریوں نے برف باری کے موسم میں گرم گرم ناشتےکا مزہ لینے کے لیے ہوٹلوں اور ریستورانوں کا رخ کرلیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی اور دھند کا راج قائم ہے۔