پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے وزیر اعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہاہے کہ مبارک ہو ان کے نئے پاکستان میں قانون سب کے لیے برابر ہوگیا ہے، سزا یافتہ مجرم بیرون ملک جانے کے لیے آزاد ہیں،جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیروں کی آپریشن تھیٹر میں بھی ہتھکڑیاں نہیں کھلتی ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ قتل کرنے اور کروانے والے آزاد گھوم رہے ہیں،قتل عام پر پرامن احتجاج کرنے والے 107 کارکنوں کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 5 سال گزر جانے کے بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا، حکومت بدلی مگر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور بے گناہ اسیروں کے لیے کچھ نہیں بدلا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے جہاں قانون سب کے لیے برابر ہے،محمد سلطان کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ہر اعتبار سے شرمناک ہے۔