• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سکھر، 4 منزلہ عمارت دھماکے سے زمین بوس، 2 خواتین اور ایک بچی جاں بحق، 9 سے زائد افراد زخمی

سکھر، 4 منزلہ عمارت دھماکے سے زمین بوس


سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) سکھر کے علاقے اسٹیشن روڈ پر واقع 4منزلہ عمارت اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2خواتین اور ایک بچی سمیت 3افراد جاں بحق، 9سے زائد افراد زخمی ہوگئے، عمارت میں ایک ہی خاندان کے 4بھائی اپنی فیملیز کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ سول اسپتال سکھر میں ایمرجنسی نافذ، اطلاع پر پاک فوج کے جوانوں، ضلعی و میونسپل انتظامیہ کے اہلکاروں نے پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا اور ملبے تلے دبے لوگوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کا نوٹس لیکر تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔ سکھر کے مصروف ترین کاروباری علاقے اسٹیشن روڈ پر واقع 4منزلہ عمارت سورج غروب ہونے کے بعد اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگئی۔ عمارت میں رہائش پذیر لوگوں میں سے 2خواتین اور ایک بچی جاں بحق ہوگئے جبکہ 9سے زائد افراد زخمی ہوئے، جنہیں سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا جبکہ 2زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 2خواتین 32 سالہ خالدہ زوجہ عدنان عمر، 35 سالہ مینا زوجہ ارسلان عمر اور ایک سالہ بچہ عمران ولد ارسلان عمر شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ ارسلان عمر، 26 سالہ احمد بلال، 30 سالہ محمد آصف، 35 سالہ عبدالحمید، 7 سالہ انابیہ عمر، 6سالہ منزہ ودیگر شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کرتے ہوئے عمارت کے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا جبکہ پاک فوج کے جوان، رینجرز، پولیس اہلکار، ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے افسران و اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، انتظامیہ کی جانب سے پنوعاقل چھاؤنی سے انجینئرنگ کور کو طلب کیا گیا۔ عمارت زمین بوس ہونے سے علاقے کو بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

تازہ ترین