وارڈروب منظم رکھنا بظاہر جتناآسان لگتا ہے، درحقیقت یہ اتنا ہی مشکل ہے۔ مہنگے اور برانڈڈ کپڑوں کی شاپنگ یا ضرورت کی تمام اشیا اور فیشن ایبل ملبوسات کی موجودگی بھی ایک متاثر کن وارڈروب تیار نہیں کرسکتی۔ وارڈروب منظم رکھنا ایک فن ہے لیکن ہر شخص اس فن سے واقف نہیں ہوتا۔
اگر آپ اپنے کپڑوں یا ضرورت کی اشیا کو وارڈروب میں ترتیب یا منظم انداز میں رکھنے کے فن سے روشناس نہیں تو آپ کی تمام شاپنگ بھی غیرمؤثر ثابت ہوسکتی ہے۔ اس لیے سب سے پہلے آپ کی وارڈروب کا منظم ہونا ضروری ہے، تاکہ آپ کو معلوم ہو کہ کون سی چیز کہاں رکھی ہے۔ اس حوالے سے جن مددگار ٹپس کی ضرورت پڑسکتی ہے، وہ ذیل میں درج ہیں۔
بنیادیں ترتیب دیں
دفتر اور روزمرہ معمولات میں پہنے جانےوالے ملبوسات کا جائزہ لیں، ساتھ ہی ہر موقع پر پہنے جانے والے ملبوسات کی فہرست ترتیب دیں، ہوسکتا ہے کہ بہت سے ملبوسات ایسے ہوں جو آپ کی وارڈروب میں غیر ضروری یا ایک جیسے ہوں۔
مثال کے طور پر پروفیشنل لائف میں پہنے جانے والے ایک جیسے رنگ کے دو یا اس سے زائدملبوسات کا آپ کے پاس موجود ہونا۔ اس حوالے سے جائزہ لیتے ہوئے ایک فہرست ترتیب دیں۔ اس انداز میں ترتیب دی گئی کلر کوڈنگ فہرست آپ کو یہ بتانےمیں مددگار ثابت ہوگی کہ آپ کے وارڈروب میں کون سے رنگ موجود ہیں اور کون سے نہیں۔
موسم کی مناسبت کا خیال رکھیں
یہ تو ہم جانتے ہیں کہ موسم کی تبدیلی ملبوسات کے انتخاب میں بھی تبدیلی لاتی ہے۔ آپ بھی اس بات کویقینی بنائیں کہ آپ کی وارڈروب میں تقریباًہر موسم میں پہنے جانے والے ملبوسات موجود ہوں۔ موسم گرما کے لیے ہلکے لباس جبکہ موسم سرما کے لیے سویٹرم، شال، مفلر اور کوٹ وغیرہ ہونے چاہئیں۔
میری کونڈو کے مطابق ایک ہی جیسے ملبوسات کی شاپنگ کے بجائے مختلف اقسام کے ملبوسات کی خریداری رائیگاں نہیں جاتی۔ یہ طریقہ کارکسی بھی موسم میں آپ کو ایمرجنسی بنیادوں پر شاپنگ کی ٹینشن سے محفوظ رکھے گا۔
غیراستعمال شدہ کپڑے الگ کریں
اگر آپ ایک منظم اور متاثر کن وارڈروب تیار کرنا چاہتے ہیںتو اس کا ایک اصول ہمیشہ یاد رکھیں، ہر کچھ عرصے بعد کپڑوں کی جانچ کرتے رہیں اور وہ کپڑے جو ریٹائر ہونے کےقریب ہیںیا پھر جنہیں آپ استعمال نہ کرتے ہوں یا وہ رنگ، ساخت یا آؤٹ فٹ اسٹیچنگ کے سبب آپ پر سوٹ نہ کرتے ہوں، ان سب کو اپنی وارڈروب سے نکال دیں کیونکہ اکثر الماریاں غیر استعمال شدہ کپڑوں کی بھرمار کی وجہ سے بکھری اور بےترتیب محسوس ہوتی ہیں۔
کپڑوں کو کلسٹر کریں
جو فہرست آپ نے تیار کی تھی اس پر نظر ڈالیے۔ بے ترتیب اور ایک دوسرے پر رکھے ہوئے کپڑوں کو ترتیب دینے سے الماری سمیٹنے کا آغاز کیجیے۔ کپڑوں کو ترتیب دینے کے لیے رنگوں کی مناسبت کا خاص خیال رکھیں مثلاً الماری میں تمام کپڑے رنگوں کی مناسبت سے ترتیب کے ساتھ رکھیں جیسا کہ تمام سفید رنگ کے کپڑے ایک ساتھ ہینگ کیجیے، اسی طرح سارے سیاہ رنگ کے سوٹ ایک ساتھ، پھر گلابی، نیلے اور پیلے وغیرہ۔ اس دوران اگر کچھ ملبوسات ایک جیسےنظر آئیں تو ان کیلئے مختلف لوازمات منتخب کرتے ہوئے ان کا اسٹائل چینج کیاجاسکتا ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنا پرسنل اسٹائل ذہن میں رکھیں ۔
خریداری میں خاص خیال رکھیں
آغاز میں بنائی گئی فہرست اور کپڑوں کو کلسٹر کرنے کے بعد آپ بآسانی یہ جان لیں گے کہ آپ کو کن چیزوں کی ضرورت ہے اور کن کی نہیں۔ جو رنگ اور فیبرک آپ کے پاس موجود ہیں ان کی بار بار خریداری سے گریز کریں کیونکہ یہ عمل نہ صرف ایک جیسے رنگوں اور ایک جیسے ملبوسات اور ایک ہی طرز کی ڈریسنگ کا سبب بنے گا بلکہ آپ کی وارڈروب بھی اس وجہ سے خاصی بے ترتیب محسوس ہوگی۔
دیگر لوازمات کا ذخیرہ
وارڈروب میں کپڑوں کے علاوہ دیگر لوازمات کا ذخیرہ بھی لازمی تصور کیا جاتا ہے مثلاًجیولری، اسکارف، شوز وغیرہ۔ اس لیے ان تمام اشیا کو ترتیب سے رکھنے کا بھی خاص خیال رکھیں مثلاً الماری میں موجود کھونٹیوں کو استعمال کرتے ہوئے اسکارف اور دوپٹے ٹانگنے کے لیے شاور رنگز لے آئیں، انہیں ہینگر میں لٹکائیں اورپھر اسکارف وغیرہ اس میں لٹکائیں۔ جوتوں کے لیے ڈبے یا پھر لٹکنے والے بیگز کا استعمال کیجئے، ایسا کرنے سے کافی جگہ بچ جائے گی۔