شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)فیصل آباد روڈ پر پانچ روز قبل اپنے ساتھی جاوید سمیت مرنے والے شخص محمد الیاس کی معمر والدہ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوگئی فاضل عدالت نے اس کی پٹیشن کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے اس کے دوسرے بھائی مدثر کے بارے میں ضلع شیخوپورہ کے 16تھانوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے معمر خاتون بشیراں بی بی نے اپنی پٹیشن میں کہا ہے کہ اس کے بیٹے الیاس کے خلاف ڈکیتی کے تین مقدمات تھے جبکہ اس کے ساتھی جاوید کے خلاف کوئی مقدمہ نہ تھا الیاس کے بارے میں عدالت عالیہ میں رٹ پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں 28مارچ تاریخ پیشی مقرر تھی مگر 25مارچ کو اسے ساتھی جاوید سمیت لاگر روڈ مانانوالہ میں مار دیا گیا اس کا بھائی مدثر ایک روز قبل ڈسٹرکٹ جیل سے ڈکیتی کیس میں ضمانت پر رہا ہوا ہے جس کو جیل کے باہر سے میری اور بہو کی موجودگی میں پولیس نے دوبارہ پکڑ لیا جس کا آج تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔