• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے، DG ISPR

خطے میں مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہئے، ڈائیلاگ سے آگے بڑھنا چاہئے


پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی ہے، اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے گفتگو میں کہا کہ خطہ خراب حالات سے بہتری کی طرف جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان مفاہمتی امن بے حد ضروری ہے، پاکستان اس عمل کو خراب کرنے کا حصہ نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہئے، ڈائیلاگ سے آگے بڑھنا چاہئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی کے لحاظ سے ہمارے خطےکو مسائل کا سامنا رہا ہے، یہ خطہ 4دہائیوں سے امن کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک میں دہشت گردی کوشکست دی ہے اور ہر وہ کام کیا ہے جس سے خطے میں امن قائم ہو۔

میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں سے متعلق کہا کہ بھارتی آرمی چیف فوج میں پرانے ہیں مگر اس عہدے پر نئے ہیں اور اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارتی آرمی چیف اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستانی فوج اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہے، پہلے بھی بھارت نے جب جارحیت دکھائی تھی تو ہم نے ان کے 2 طیارے مار گرائے تھے۔

انہوں نے کہا بہتر ہوگا کہ نئے بھارتی آرمی چیف دھمکیاں دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور بھارت میں ہندوتوا کے پرچار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود ہم نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست اور قابل افواج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

تازہ ترین