• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی ٹڈی دل کیخلاف اسپرے کیلئے ایئرکرافٹس ہائر کرنے کی ہدایت


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل کے خلاف اسپرے کے لیے جدید ایئر کرافٹس ہائیر کرے تاکہ اُن کی افزائش نسل کو روکا جاسکے۔

انہوں نے اس سلسلے میں چین کے قونصل جنرل لائی بائی جان سے بھی مدد کے لیے کہا جنہوں نے آج مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل پر اسپرے کے لیے ائیر کرافٹس کی ہائرنگ کے حوالے سے ملاقات کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹڈی دل نے صوبے کے مختلف حصوں میں کھڑی فصلوں پر حملہ کیا اور کاشت کاروں بالخصوص  قومی و صوبائی معیشت کو عمومی طور پر شدید نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کار فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات سے بہت زیادہ پریشان ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے پاس چند ائیر کرافٹس ہیں اور ان میں سے زیادہ تر گراؤنڈ کیے ہوئے ہیں لہٰذا وہ صوبائی حکومت کو مطلوبہ مدد فراہم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے صوبائی وزیر زراعت کو ہدایت کی تھی کہ وہ یو اے ای کی حکومت کے ساتھ بات کریں تاکہ ان سے سندھ حکومت صحرائی علاقے جہاں پر ٹڈی دل افزائش نسل کے لیے قیام کرتے ہیں وہاں پر فضائی اسپرے کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انہیں پیدا ہونے سے پہلے ہی ختم کردیاجائے نہیں تو یہ آئندہ سال بھی کاشت کاروں کو شدید نقصان پہنچانے کا سبب بنیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت ائیر کرافٹس کا کرایہ ادا کرے گی اور انہیں اسپرے کے لیے تمام تر ضروری سامان بھی فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں چین کے نئے متعین قونصل جنرل سے کہا کہ وہ اپنی حکومت کے ساتھ سندھ حکومت کو صحرائی علاقوں میں اسپرے کے لیے جدید ائیر کرافٹس کی فراہمی میں تعاون کے لیے بات کریں۔

قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومت سے اس حوالے سے بات کریں گے اور انہیں آئندہ 3 دن کے اندر جواب دیں گے۔

مراد علی شاہ نے چین کی حکومت کا تھر میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے قیام پر  شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ چائنیز کمپنی تھر میں کوئلے کی کان کنی کے لیے کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمارا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے اور اس دوستی کی بنیاد پی پی پی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نئے قونصل جنرل کو سندھی ٹوپی، اجرک اور مومنٹو پیش کیا اور ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کو اپنا نیا گھر سمجھیں۔

تازہ ترین