• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتکار برادری کا فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صنعتکاربرادری نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز مسترد کردیے،فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ،نیپرا کا فیصلہ صنعتوں کو تباہ کرکے حکومت کو ناکام بنانے کی سازش ہے ،تفصیلات کے مطابق سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر محمد سلیمان چاؤلہ نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا )کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصولی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ کے الیکٹرک کو3سال کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول کرنے کی اجازت کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔سلیمان چاؤلہ نے ایک بیان میں کہاکہ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو جولائی 2016سے جون2019تک 3سال کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول کرنے کی اجازت دینا سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ یہ اقدام صنعتوں کو تباہ کرکے موجودہ حکومت کو ناکام بنانے کی سازش لگتا ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں کاروباری وصنعتی سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافے کے لیے کاروبار کرنے کو آسان بناتے ہوئے صنعتکاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں۔وزیراعظم کے خیالات کے برعکس ملکی اداروں کے صنعت دشمن اقدامات یقینی طور پر غور طلب ہیں کیونکہ اس قسم کے اقدامات سے تاجربرادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان صنعتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے تاجروصنعتکاربرادری میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کریں۔

تازہ ترین