کراچی میں سردی کی شدت جمعہ تک برقرار رہے گی، جبکہ کوئٹہ میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا اور سڑکوں کے کنارے کھڑا پانی بھی جم گیا ہے۔
شہر قائد کا موسم آج جزوی ابرآلود ہے، کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو ایک اور مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا جو شہر میں رواں سال کی پہلی بارش بھی برسا سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا پہلا سسٹم بلوچستان سے نکل گیا ہے، سسٹم کے بعد سے صوبے کے شمالی سمیت مختلف علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔
وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع صاف اور موسم شدید سرد ہے، آج کم سے کم درجہ حررت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،جبکہ حالیہ برف باری سے وادی کے پہاڑوں کی چوٹیاں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں۔
کوئٹہ شہر میں جگہ جگہ سڑکوں کے کناروں اور گلیوں میں کھڑا پانی جم گیا ہے، جبکہ زیارت، قلات، ژوب، مستونگ، دالبندین، پشین و ملحقہ علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔