• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متوازی ٹیبل ٹینس فیڈریشنزکا اجلاس رواں ماہ بلانے کا فیصلہ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ملک میں موجود کھیلوں کی متوازی فیڈریشنز نئے سال کے قومی اور عالمی کیلنڈر کو حتمی شکل دینے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اس ماہ کے آخر میں اس حوالے سے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دو ٹیبل ٹینس فیڈریشنز کی وجہ سے کھلاڑی عالمی اور ایشیائی ایونٹس میں شرکت سے محروم ہورہے ہیں، پاکستان اولمپک اور پاکستان اسپورٹس بورڈ ایک ایک فیڈریشن کی پشت پر ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بین الصوبائی وزارت نے دونوں فیڈریشن کے عہدے داروں کو نئے انتخابات پر راضی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈریشن کے ذمے دار اس پر راضی نہیں ہوئے تو ان پر پابندی لگاکر ایڈہاک کمیٹی قائم کی جائے گی جو تین ماہ میں الیکشن کرائے گی۔ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ جس فیڈریشن کو اس کی عالمی باڈی تسلیم کرے گی، اس کی ٹیم کو بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔حکومت کے آنے کے ڈیرھ سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود بین الصوبائی رابطے کی وزارت ملک میں متوازی فیڈریشن کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے،جس کا زیادہ نقصان کھلاڑیوں کو پہنچ رہا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام اس اجلاس سے قبل وفاقی وزیر کو ملک میں متوازی فیڈریشنوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
تازہ ترین