پشاور(نیوزڈیسک)محکمہ ہاؤسنگ خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کو صوبہ میں جاری مختلف منصوبوں اور محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ہاوسنگ حسن محمود یوسفزئی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ نے پشاور میں 190کنال اراضی پر مولازئی ہاوسنگ سکیم مکمل کرلی ہے اور لوگوں کو پلاٹس کا قبضہ دے دیا گیا ہے جس پر گھروں کے تعمیراتی کام کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔ منصوبہ پر 16کروڑ 45لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے، اسی طرح سول کورٹرز پشاور فیز ون میں فلیٹز کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ جاری منصوبوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ حیات آباد فیز 5میں 28کنال اراضی پر سرکاری ملازمین کیلئے 144فلیٹس تعمیر کئے جارہے ہیں، جبکہ سول کورٹرز پشاور فیز ٹو کے دوسرے مرحلے میں 96فلیٹس تعمیر کئے جائینگے۔ وزیر ہاوسنگ کو جرمہ ہاوسنگ سکیم، سٹیلائیٹ ٹاون، جلوزئی ہاوسنگ سکیم، حویلیاں ہاوسنگ سکیم، سی پیک سٹی، ہنگو ماڈل ٹاون اور ڈنگرام ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ سوڑیزئی میں نئی پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے لئے 8ہزار پانچ سو کنال اراضی فراہم کی گئی ہے، جس کے لئے باونڈری وال اور لنک روڈ کی تعمیر صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔، جبکہ گرے سٹرکچر کنسٹرکشن کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہوگی۔ اسی طرح محکمہ نے سرکاری ملازمین کی رہائش کے لئے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا ہوا ہے اور خیبرپختونخوا ہاوسنگ فاونڈیشن کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کے لئے پلاٹس اور گھروں کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔