کراچی (اسٹاف رپورٹر) گڈزٹرانسپورٹرز اور کسٹم ایجنٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید فوری استعفیٰ دیں، وزارت مواصلات کا قلمدان وزیراعظم خود سنبھالیں یا پھر ٹرانسپورٹ کے شعبے کی سوجھ بوجھ رکھنے والا وزیر مقرر کیا جائے۔ ٹرانسپورٹرز اور کسٹم ایجنٹس کی اپیل پر ہوئی ہڑتال کو تین روز گزر گئے تاہم حکومت کی جانب سے اب تک ہڑتال ختم کروانے کے لیے کوئی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی، اس دوران کراچی سے اندرون ملک اور وہاں سےکراچی کے لیے سامان کی ترسیل نہ ہونے سے ملک بھر میں اشیاء کی قلت پیدا ہونی شروع ہوگئی ہے اور اس کے منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے عندیہ دیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔