• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں پولیو کے 6 نئے کیسز سامنے آگئے


کراچی سمیت ملک بھر سے پولیو کے مزید 6 کیسز سامنے آگئے ہیں، خیبر پختون خوا، سندھ اور پنجاب میں پولیو وائرس کے دو دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

ان کیسز کی تحقیقات گزشتہ برس دسمبر میں شروع کی گئی تھیں۔

ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کا کہنا ہے کہ سندھ کے ضلع قمبر کے 36 ماہ کے بچے اور جامشورو کے 12 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں پولیو کے کیسز کی تعداد 34 ہوگئی۔

ادھر پنجاب میں نئے سال میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آگئے ہیں، پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی 2 بچیوں میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: دیر میں فائرنگ، پولیو ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید

پولیو سے متاثرہ ایک بچی کی عمر 6 ماہ اور دوسری کی ایک سال ہے، ایک بچی دونوں ٹانگوں سے، جبکہ دوسری بائیں ٹانگ سے معذور ہے، دونوں بچیوں کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے انچارج سلمان غنی کا کہنا ہے کہ 5 اضلاع میں 13 جنوری سے فوراً کیس رسپانس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں انسدادِ پولیو مہم شروع کر رہے ہیں۔

انچارج انسداد پولیو پروگرام سلمان غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیو وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد پنجاب میں پولیو کیسز کی تعداد 8 ہو گئی ہے، سخت موسم کے باعث لوگ دوسرے صوبوں سے پنجاب کا رخ کرتے ہیں جو وائرس کے پھیلاؤ کا سبب ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: خیبر پختون خوا میں پولیو کے2 نئے کیسز

دوسری جانب خیبر پختون خوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں 24 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 9 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 91 ہوگئی ہے۔

تازہ ترین