ہر برس کی طرح رواں سال کے لیے بھی رنگوں کے حوالے سے مشہور کمپنی پینٹون(Pantone)نے فیشن، آرٹ، فن تعمیرات، سیروسیاحت اور دیگر شعبوں میں تحقیق کے بعد 2020ء کے مخصوص رنگ کا انتخاب کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ’کلاسک بلو‘ کونئے سال کا بہترین رنگ قرار دیا گیا ہے۔ پینٹون تقریباً20سال سے ہر برس کے لیے ایک نیا رنگ منتخب کرتی آرہی ہے اور رنگوں کے منتخب کیے جانے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پینٹون نے خالص نیلے رنگ (کلاسک بلو ) کا انتخاب کیا ہے۔
کلاسک بلو کی خاصیت
اس رنگ کی خاصیت بتاتے ہوئےکمپنی کا کہنا ہے کہ ’کلاسک بلو‘ گہرے نیلے رنگ جیسا ہے، جوشام ڈھلتے وقت آسمان کا ہوتا ہے۔ یہ ٹھوس اور قابل اعتماد رنگ ہےجو انسان کیلئے سکون کا باعث بنتاہے۔ مشہور مصور پکاسو نے اس رنگ کو غم و اندوہ کیلئے بھی استعمال کیا، تاہم پینٹون کے ماہرین اسے مثبت پہلو دینے کی امید رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ مراقبہ کرنے والے سکون واطمینان کیلئے نیلے رنگ کو تصور میں لانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ رنگ اپنی خصوصیات کے باعث 2020ءمیں گھروں کی آرائش، لباس اور جیولری، غرض یہ کہ ہر جگہ پر چھایا ہوا نظر آئے گا۔ آئیےآج کے مضمون میں سجاوٹ و آرائش کے حوالے سے کلاسک بلو کے انتخاب پر گفتگو کرتے ہیں۔
فیچر وال
انٹیریئر ماہرین کا کہنا ہے کہ کلاسک بلو رنگ سجاوٹ وآرائش کرتے وقت سب سے زیادہ استعمال میں آنے والے رنگوں میں سے ایک ہے۔ اگر آپ بھی گھر کے بیڈ روم یا لیونگ روم میں خوشگوار تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں تو ایک دیوار پر کلاسک بلو رنگ کا پینٹ کروائیں۔
یہ رنگ خوبصورت ہونے کے ساتھ ٹھنڈا بھی ہے، اگر آپ کمرے کی کسی ایک دیوار پر اس رنگ کا پینٹ کرواتے ہیں تو وہ دیوارفیچر وال کا تاثر پیش کرے گی اور کمرے میں داخلے کے ساتھ ہی یہ دیوار توجہ کا مرکز بن جائے گی، خاص طور پر کسی بڑے کمرے میں۔ چھوٹے کمروں میں اس رنگ کو کسی ایک دیوار کے بجائے چاروں دیواروں پر پینٹ کروانے پر غور کریں۔
کلاسک پیٹرن وال پیپر
وال پیپر کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب کبھی طبیعت پر گراں نہیں گزرتا لیکن مختلف پیٹرن کی موجودگی میں اس رنگ کا انتخاب یقیناًمشکل ضرور ہوسکتا ہے۔ رواں برس کے لیے وال پیپر پیٹرن میں مقبول ہونے والے اسٹائل میں جیومیٹریکل پیٹرن، ایمیٹیٹ پیٹرن، فلورل پیٹرن، اسٹیمپ ڈیزائن اور شیوران اسٹائل (آرائشی حاشیے کے ٹیڑھے میڑھے نشان والا پیٹرن) شامل ہیں۔ آپ ان ٹرینڈی پیٹرن میں سے کسی ایک کا انتخاب کلاسک بلو رنگ کے ساتھ کرتے ہوئے کلر آف دی ایئر کوہوم ڈیکوریشن کا حصہ بناسکتے ہیں۔
باتھ روم کا سامان
باتھ روم میں استعمال ہونے والی اشیا کے لیے بھی کلاسک بلو رنگ ایک بہترین انتخاب قرار دیا جاسکتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنرکینڈرا چیری کے مطابق نیلا رنگ صرف ایک رنگ نہیں ہے بلکہ یہ ٹھنڈک، سکون اور امن و آشتی کا ایک بہترین استعارہ بھی ہے اور یہ وہ تمام جذبات ہیں جو ایک صبح کے آغاز کے وقت انسان کو دن بھر توانا رکھنے کے لیے لازم ہیں۔ چنانچہ کلاسک بلو رنگ کا اضافہ باتھ روم میں سود مند قرار دیا جاسکتا ہے۔ باتھ روم میں اس رنگ کا اضافہ کرنے کے لیے نیلے رنگ کا تولیہ، باتھ میٹ یا پھر نیلے رنگ کا باتھ روم کاؤنٹر بہترین رہے گا۔
رگس، پردے اور بیڈ شیٹ
گھر کی سجاوٹ میں خوشگوا ر اور متاثر کن تبدیلی کے لیے پردوں کا کردار خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ رواں برس گھر کی سجاوٹ کے لیے کلاسک بلو رنگ کے پردے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔ دوسری جانب گھر میں کلر آف دی ایئر کے اضافے کے لیے بیڈ شیٹ کے ساتھ ساتھ نیلے رنگ کے رگس بھی سجاوٹ کو ایک نئی طرز دے سکتے ہیں۔ پردوں کے پرنٹ کے لیے شیوران یا اسٹرائپ اسٹائل بہترین رہے گا۔
آؤٹ ڈور فرنیچر
چونکہ اس سال کا بہترین رنگ قدرتی احساس سے بھرپور ہے، لہٰذا آؤٹ ڈور فرنیچر کے لیے اس رنگ کا انتخاب بہترین ثابت ہوگا۔ بالکنی یا پورچ کے فرنیچر کے لیے کلاسک نیلے رنگ کے صوفے کا انتخاب کیجیے لیکن اگر آپ کا بجٹ اس اضافے کی اجازت نہیں دیتا تو لکڑی کی ٹیبل پر بلو رنگ کا پینٹ یا کور بھی مناسب معلوم ہوگا۔ اس کے علاوہ کشن کور یا آؤٹ ڈور شوپیس کے لیے بھی اس رنگ کو منتخب کیا جاسکتا ہے۔
کچن کراکری اور کیبنٹس
انٹیریئر ڈیزائنرز کلر آف دی ایئر کو اپنے کچن کی زینت بنانے کے حوالے سے ذیل میں دج دو قسم کے مشورے دیتے ہیں۔
٭ سال کے بہترین رنگ کا اعلان کیے جانے کے فوراً بعدہی معروف کمپنیوں کی جانب سے رنگین کراکری (برتن) کے لیے کلاسک بلوکا انتخاب کرلیا گیا۔ اس رنگ یا اس کے کنٹراسٹ میں جوسر، بلینڈر، چاپر، ڈنر سیٹ اور کٹلری سیٹ مارکیٹ میںدستیاب ہیں۔ آپ ان چیزوں کو اپنے کچن کی زینت بناکر سال کے سب سے خاص رنگ کو اپنے گھر میں شامل کرسکتے ہیں۔
٭ اگر آپ کا کراکری سیٹ اور کیبنٹری سسٹم ہلکے رنگوں پر مشتمل ہے تو کچن کیبنٹس کے اندرونی رُخ(دیوار کے ساتھ والا حصہ) پرکلاسک بلو رنگ کا پینٹ کروائیں۔ سفید یا ہلکے رنگوں کے کیبنٹری سسٹم کے اندر سے چھلکتا نیلا رنگ پورے کچن کی آرائش پر ایک خوشگوار اثر مرتب کرے گا۔