کراچی میں آج موسم جزوی ابر آلود، سرد اور خشک رہے گا، محکمۂ موسمیات کے مطابق کل (ہفتے کے روز) سے بارش کا نیا سسٹم شہر میں داخل ہوگا جس کے باعث اتوار کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 10 اعشاریہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
شہر میں شمال مشرق کی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 38 فیصد ہے۔
دوسری جانب مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم آج رات کے دوران بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق سسٹم کے تحت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں ہفتے سے اتوار تک بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
اس دوران کوئٹہ، قلات، سوراب، مستونگ، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ اور قلعہ عبد اللّٰہ میں درمیانی سے شدید برف باری کا امکان ہے، برف باری کی وجہ سے ان علاقوں میں معمولِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
صوبے کے دیگر علاقوں گوادر، آواران، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، پشین، ہرنائی، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، ژوب اور ہرنائی میں موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بارش سے سسٹم کے زیرِ اثرآنے والے اضلاع کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے محکمۂ موسمیات نے تمام متعلقہ حکام کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے مراسلہ جاری کیا ہے جس کے مطابق محکمۂ موسمیات کی جانب سے 11جنوری سے 13 جنوری تک کوئٹہ، قلعہ عبد اللّٰہ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، مستونگ، بولان، ہرنائی اور چاغی میں بارشوں اور شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے سبب ان اضلاع کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
مراسلے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے تما م اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیاحوں، مسافروں اور ماہی گیروں کو موسم کی صورتِ حال سے آگاہ رکھا جائے، صوبے کے ندی نالوں اور ڈیمز پر پکنک منانے پر پابندی عائد کی جائے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ برف باری سے بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔
ملک کے اکثر علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام کالام رہا جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسکردو میں منفی 12 اور استور میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں درجۂ حرارت 4، پشاور میں صفر، کوئٹہ میں منفی 3، مظفر آباد میں منفی ایک گلگت میں صفر، فیصل آباد میں 3، ملتان میں 6 اور حیدر آباد میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔