بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے جہاں ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی امریکی دورے کے دوران نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) میں شرکت کریں گے۔
امکان ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ ماہ امریکی دورے کے دوران مودی اور ٹرمپ کے درمیان تجارتی امور پر بات چیت ہو سکتی ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ٹیرف پر اتفاق رائے سے معاملہ طے کرنے پر زور دیا جائے گا۔
’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کا مقصد تجارتی مسائل کو حل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی آخری ملاقات فروری 2025ء میں ہوئی تھی۔