گزشتہ برس تیسری شادی کا اعتراف کرنے والی پاکستانی معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی کا کہنا ہے کہ حج و عمرہ کرنے جاؤ تو طعنے ملتے ہیں کہ اب آپ بھی عمرہ کریں گی یا آپ ابھی حج سے واپس آئی ہیں اور گانے گا رہی ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والی لوک گلاکارہ نے سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
مذہبی عبادات پر ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صنم ماروی نے کہا کہ شوبز سے منسلک ہونے کا یہ منفی پہلو ہے کہ ہر کوئی آپ سے متعلق جو چاہے کہہ سکتا ہے۔ پھر چاہے وہ اپنی زندگی میں جتنی مشکلات سے گزر رہے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے موسیقی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ ہمارا دل بھی کرتا ہے کہ ہم عام لوگوں کہ طرح عبادت کریں۔ گانا گانا میرا پروفیشن ہے اس سے میرا گھر چلتا ہے۔ نہ میں وہ چھوڑ سکتی ہوں نہ میں یہ چھوڑ سکتی ہوں۔
لوگ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ جب صارفین یہ کہتے ہیں کہ ’اوہ، آپ ابھی تو حج کرنے گئی تھیں، اب آپ سال بھر گانا گاتی رہیں گی‘۔
صنم ماروی نے یہ بھی بتایا کہ ایک اور بات جو لوگ اکثر پوچھتے ہیں، خاص طور پر جب ہم حج کرنے کے بعد دوبارہ گانا شروع کرتے ہیں وہ یہ کہ ’کیا آپ حج کے بعد بھی یہ کام جاری رکھیں گی؟‘۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں، یہ ہمارا پیشہ ہے اور میں پوری لگن سے گانا گاتی ہوں۔ تاہم ٹرولنگ پر خاموش رہتی ہوں۔