• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زینب حسین

پیارے دوستو ! آج ہم آپ کو دنیا کے خطرناک ائیر پورٹس یعنی ہوائی اڈوں کی سیر کرائیں گے۔آپ سب بخوبی واقف ہوں گے کہ سفر کو آسان اور محفوظ ترین بنانے کے لئے دنیا بھر میں جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیاجارہا ہے، تاہم اب بھی چند ایسے ایئرپورٹ دنیا میں موجود ہیں جو خطرے سے خالی نہیں ہیں۔

 دنیا بھر میں ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اس شعبے کو پروان چڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات بھی کئے جاتے ہیں لیکن یہاں ہم آپ کو دنیا کے چند ایسے حیرت انگیز اور خطرناک ترین ایئرپورٹس کے بارے میں بتائیں گے ،جہاں اب بھی پائلٹ جان پر کھیلتے ہوئے انتہائی مہارت سے طیارے کو لینڈ اور ٹیک آف کرتے ہیں۔

اسکیاتھوس ایئرپورٹ، یونان

اسکیاتھوس ایئرپورٹ کو دنیا کا خطرناک ترین ایئرپورٹ تصور کیا جاتا ہے جو دو جزیروں کے درمیان واقع ہے اور پائلٹ کو انتہائی محتاط انداز میں لینڈنگ کے وقت سیاحوں کے اوپر سے طیارے کو لینڈ کرانا ہوتا ہے۔ لینڈنگ کے دوران جزیرے پر موجود سیاح اکثر طیارے کی ہوا کے دباؤ سے ڈگمگا بھی جاتے ہیں۔

لکلا ایئرپورٹ، نیپال

نیپال کے لکلا ایئرپورٹ کو بھی دنیا کے خطرات ترین ایئرپورٹ میں شمار کیا جاتا ہے، جس کی خطرے سے بھرپور بات یہ ہے کہ پائلٹ کو اونچی چٹانوں میں داخل ہونے کے بعد طیارے کو لینڈ کرنا ہوتا ہے جو کسی عام پائلٹ کے بس کی بات نہیں کیوں کہ پائلٹ کی معمولی سی غلطی سے طیارے کا چٹان سے ٹکرانے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔

گسٹاف تھری ایئرپورٹ، کیربیئن آئرلینڈ

گسٹاف ایئرپورٹ فرانس کے جزیرہ سینٹ برتھ لیمی میں واقع ہے ،جہاں صرف چھوٹے چارٹرڈ طیارے ہی لینڈ کرتے ہیں۔ اس ایئرپورٹ کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس کا رن وے سڑک سے کئی فٹ نیچے ہے اور طیارے کو ڈھلوان میں لینڈ کرانا پڑتا ہے اور طیارے کو اڑانے کے لئے پائلٹ کو ایئرپورٹ سے متصل آبادی کے اوپر سے پرواز بھرنی پڑتی ہے۔

سینٹ جولین ایئرپورٹ، کیربیئن آئرلینڈ

سینٹ جولین ایئرپورٹ ساحل سمندر پر واقع ہے اور طیارہ لینڈ یا ٹیک آف ہونے کی صورت میں اس طرح گمان ہوتا ہے کہ وہ ساحل پر موجود لوگوں سے ٹکرا جائے گا۔ پائلٹ کو طیارہ لینڈ کرانے پر اس قدر چوکنا رہنا پڑتا ہے کہ کہیں وہ لوگوں سے نہ ٹکرا جائے۔

کورچیول ایئرپورٹ، فرانس

فرانس کا کورچیول ایئرپورٹ 6 ہزار 588 فٹ بلندی پر واقع ہے، جس کے ارد گرد برف سے ڈھکے بلند و بالا پہاڑ ہیں۔ اس ایئرپورٹ کا رن وے صرف 537 میٹر کا ہے اور خطرناک ترین بات یہ ہے کہ رن وے سیدھا ہونے کے بجائے ناہموار ہے اور لینڈنگ کے وقت طیارہ ہچکولے بھی کھاتا ہے۔ دھند پڑنے یا گہرے بادل چھانے کی صورت میں اس ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔

تازہ ترین