وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن جس دسمبر کی بات کر رہے تھے وہ گزر چکا ہے۔
نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پورے پانچ سال تک حکومت کریں گے اپوزیشن ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ اپوزیشن تو ووٹ دینے کو تیار بیٹھی ہے، پرویز خٹک کے پاس تعویز ہے، یہ جب بھی اپوزيشن کے پاس جائیں گے انہیں ریڈی میڈ اپوزيشن ملے گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اپوزیشن پہلے بھی تیار تھی، اب صرف تاویلیں ڈھونڈ رہی ہے۔
شیخ رشید نے اس موقع پر ریلوے کے گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین کو ایک گریڈ کا اضافہ دینے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ہم نے اپنے ریونیو کو بڑھایا ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسی مہینے میں 11ٹرینیں پرائیویٹ سیکٹر کو دینے جا رہے ہیں، ٹرین کے 70لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو مسافر ٹرین سے بھی کمائی کر رہا ہے۔