اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے یہ امر افسوسناک ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو غیر ملکی عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،آرمی ایکٹ پر حکومت اور اپوزیشن دونوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے، آرمی ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس نہیں کیا بلکہ یہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ملکی مفادات کو اہمیت دینے کی خواہشات کا مظہر ہے، انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ آرمی ایکٹ کے پاس ہونے پر عام طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ایکٹ پارلیمنٹ نے فوج کیلئے پاس کیا ہے حقیقت اسکے برعکس ہے، یہ پوری گورنمنٹ اور اپوزیشن کی ان خواہشات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ زیر غور آنیوالی ہر تجویز میں ملکی مفادات کو مد نظر رکھیں اور اس پر اپنے ذاتی مفادات یا مخالفت برائے مخالفت کو اہمیت نہ دیں،آخر کار یہ فیصلہ کرنا پڑیگا کہ ملک کو تباہ ہونے دیا جائے یا بچایا جائے، مجھے امید ہے کہ قومی مفاد میں ہر ایکٹ پر ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا جائیگا۔