راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ ) سی ڈی اے، پی ایچ اے اور ٹی ڈی سی پی کے اشتراک سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جائے گی۔مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب آصف محمود نے بتایا جڑواں شہروں میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا مقصد سیاحت کا فروغ اور دیگر ممالک سے آئے سیاحوں کی دونوں شہروں کے تاریخی اور سیاحتی مقامات تک آسان رسائی کو ممکن بنانا ہے۔ڈبل ڈیکر بس سروس علامہ اقبال پار ک سے شروع کی جائے گی جو فیض آباد سے ہوتے ہوئے فیصل مسجد، چڑیا گھر، دامن ِ کوہ اور سیدپور گاؤں سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ،لوک ورثہ اور نیشنل میوزیم پہنچے گی اور وہاں سے شکرپڑیاں سے ہوتے ہوئے براستہ فیض آباد علامہ اقبال پارک واپس پہنچے گی۔ اس دوران یہ چاند تارہ، چائنہ سنٹر، سرینا ہوٹل اور سینٹورس مال سے ہوتے ہوئے گزرے گی۔ڈبل ڈیکر بس سروس تک عوام کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے آن لائن بکنگ کی جائے گی جس سے سیاحوں کو آسانی ہوگی۔