کوئٹہ میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل برفباری سے شہر کی سڑکیں، گلیاں، مکانوں کی چھتیں، درخت، پہاڑ ہر شے برف سے ڈھک گئیں۔
مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کےتحت کوئٹہ اورگردونواح میں برفباری کاسلسلہ گذشتہ رات شروع ہوا تھا جو اب بھی جاری ہے۔
شہر کےطول و عرض میں کبھی ہلکی تو کبھی تیز برف باری ہورہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک تقریباً چار انچ برف پڑچکی ہے۔
برف باری سے شہر میں ہر طرف سفید چادر بچھ گئی ہے، وادی کے اردگرد پہاڑ بھی برف سے ڈھک گئے ہیں جبکہ برفباری سے لطف اندوز ہونے کےلیے شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔
کراچی اور اندرون ملک سے سیاح بھی برف باری انجوائے کرنے کے لیے کوئٹہ پہنچے ہوئے ہیں، بہت سوں کے لیے برفباری دیکھنا زندگی میں پہلا موقع ہے جبکہ کچھ شہریوں نے یخ بستہ موسم میں گرما گرم ناشتے کے لیے ہوٹلوں اور ریستورانوں کا رخ کرلیا۔