وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنرجنرل خراسان رضوی علی رضا رزم حسینی سے ملاقات کی ہے ۔
مشہد پہنچنے پر گورنر نے شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا ،جس پر وزیر خارجہ نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
گورنر مشہد نےوزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سےسالانہ 30 لاکھ زائرین تشریف لاتے ہیں ،جنہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ ایران کا آغاز اس مقدس مقام کی زیارت کرکے کررہاہوں اور اسے اپنے لیے باعث سعادت سمجھتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان سے زائرین کی ایک بڑی تعداد ہرسال روضہء امام رضا کی زیارت کے لئے یہاں آتی ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کےلیے بہترین انتظامات کرنے پر گورنر مشہد کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشہد میں امام رضا کے روضے پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے ۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کےلیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔