• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشیدگی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا لیکن خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود تہران پہنچ گئے


ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے حالیہ صورتحال پر پاکستان کا مؤقف ایرانی صدر کے سامنے رکھتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کی طرف سے قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کشیدگی میں اضافے کا خواہاں نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، ایران کے ساتھ ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں، خطہ مزید کشیدگی اور کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستان کے مؤقف کی حمایت اور پر زور تائید پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے خطے میں قیام امن کیلئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے حالیہ روابط کی تفصیلات سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔

تازہ ترین