• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں سردی بڑھ گئی، مری میں تیز برفباری

بلوچستان کے بیشتراضلاع میں برف باری اور بارش سے نظام زندگی درہم برہم


ملکہ کوہسار مری ،مالم جبہ، کالام ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی، جبکہ اسلام آباد ، لاہور راجن پور، فیصل آباد، لودھراں ، ڈیرہ غازی خان میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ۔

مری میں تیز برفباری

گزشتہ رات مری میں ایک بار پھر تیز برفباری کا سلسلہ شروع ہو ا جس کے ساتھ ہی پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش کا آغاز ہواجس کے باعث سرد موسم میں مزید شدت آگئی۔

پنجاب میں بارش

لاہور، ملتان، فیصل آباد اور جھنگ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیاہے، جبکہ ملتان کے علاقےممتاز آباد میں بارش کے باعث کچا مکان گرنے سے 4 بچے زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ غازی خان کےسیاحتی مقام فورٹ منرو سمیت مختلف قبائلی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ سندھ کے علاقوں سکھر، گھوٹکی، ڈہرکی، اوباڑو، خانپور مہر اور میرپور ماتھیلو ، نوابشاہ، حیدرآباد، مٹیاری اور ہالہ میں بھی رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ۔

آزاد کشمیر میں تیز ہوائیں  اور موسلادھار بارش

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ، جبکہ چترال میں ہوئی شدید برفباری سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

گلگت بلتستان میں مسلسل برفباری

گلگت بلتستان کے ضلع غذرمیں مسلسل برفباری کے باعث ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول روم قائم کردیا ہے، دیامر کے بالائی مقامات پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے اور چلاس شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے ،

خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں اور گرد ونواح میں کل سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جنوبی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں پچھلے 24 گھنٹوں سے جاری برف باری کے نتیجے میں سڑکیں بند ہیں ۔

تازہ ترین