• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کرکٹ کو فٹ بال، باسکٹ بال کے برابر لانے کیلئے کوشاں

لندن (جنگ نیوز) اس سال آسٹریلیا میں ٹی20 عالمی کپ کا انعقاد کیا جانا ہے، 18اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں 16ٹیمیں شرکت کریں گی۔ مختصر ترین فارمیٹ کی عالمی سطح پر بے پناہ مقبولیت نے آئی سی سی کو عالمی کپ میں ٹیمیں کی تعداد بڑھانے پر غور کیلئے مجبور کردیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سال 2023 تا 2031کے سائیکل میں ہونے والے ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں ٹیموں کی تعداد20کی جاسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرکٹ کا دائرہ وسیع تر کرنے کیلئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کا بہترین ذریعہ تصور کرتی ہے۔ اس کی مدد سے کرکٹ مقبولیت کے معاملے میں فٹبال اور باسکٹ بال کی برابری کرسکتا ہے۔ عالمی باڈی تجویز پر متفق ہوگئی تو مبصرین کے مطابق امریکا، کینیڈا، جرمنی، نیپال اور نائجیریا جیسی ٹیموں کو ورلڈکپ میں کھیلنےکا موقع مل سکتا ہے۔گورننگ باڈی کے پیش نظر 20 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے انعقاد کے ایک سے زائد آپشن ہیں، پہلے میں تمام 20ممالک ایک ساتھ گروپ اسٹیجز میں شرکت کریں اور کارکردگی کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں پہنچیں جبکہ دوسرے آپشن کے طور پر بڑے ممالک براہ راست دوسرے رائونڈ میں کھیلنے کی حقدار ہوں اور چھوٹی ٹیمیں کوالیفائی کرکے انہیں جوائن کریں۔ آئی سی سی امریکا کو بڑے بازار کے طور پر دیکھتا ہے اور یہاں کھیل کو فروغ دینے کےلئے اس نے حال ہی میں کئی کوششیں کی ہیں۔ خیال رہے کہ آئی سی سی پہلے ہی ہر برس ایک بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز پیش کرچکا ہے۔

تازہ ترین