ن لیگ اوور سیز کے جنرل سیکریٹری نورالحسن تنویر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے والوں کو چن چن کر قید میں ڈالا جارہا ہے، احسن اقبال اور اسحٰق ڈار حکومتی مظالم کی مثالیں ہیں۔
نور الحسن تنویر کا ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پہلے اسحٰق ڈار نے ملک کی تباہ حال معیشت کو سنبھالا جس کے بعد احسن اقبال نے بہترین منصوبہ بندی سے معیشت کو مستحکم کیا، جس کی دنیا نے تعریف کی لیکن حکومتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ان دونوں شخصیات کا جرم ٹھہرا۔
انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار کو جلا وطن ہونا پڑا اور احسن اقبال کو نیب کے حوالے کردیا گیا ہے ۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ احسن اقبال صرف ن لیگ کا نہیں بلکہ پاکستان کا اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنی ذہانت سے سی پیک کا ڈھانچہ کھڑا کیا، قومی مفاد کے بڑے منصوبے تیار کیے، کھنڈرات جیسے نارووال کو جدید ترین شہر میں تبدیل کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کی خدمات کا صلہ جیل کی سلاخوں کی صورت میں دیا گیا ہے، ملک نور اعوان نے مزید کہا کہ عنقریب ظلم کی رات ختم ہوگی اور ایک بار پھر ن لیگ کی حکومت ہوگی اور پاکستان ترقی کی راہ پر دوبارہ سفر شروع کرے گا۔