وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) پر لیٹ کر اور چوم کر ووٹ کو عزت دینے کا الزام لگا دیا۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیصل واوڈا کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ ( ن) کے جاوید عباسی بھی شریک تھے۔
پروگرام کے دوران فیصل واوڈا نے ’بوٹ‘ سامنے رکھا اور کہا کہ ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی شرم ، حیا ہے؟ قوم نے ان ( اپوزیشن کی بڑی جماعتوں) کی اصلیت دیکھ لی ہے۔
پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ فیصل واوڈا اپنے سامنے بوٹ کو رکھ کر کہہ رہے ہیں جو کرایا ہے فوج نے کرایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر کی بات کا مطلب یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ان کے کہنے پر نہیں فوج کے کہنے پر ووٹ دیا۔
اس موقع پر قمر زمان کائرہ اور جاوید عباسی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے۔
دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے فیصل واوڈا کی گفتگو پر کہا کہ حکومت بطور ادارہ فوج کا مذاق بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی توسیع 19 اگست کو ہوچکی تھی، آرمی ایکٹ پر حکومت کا خیال تھا کہ اپوزیشن کو تماشا بنائے گی، حکومتی جوکروں کی حرکتوں کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی قیادت پابند سلاسل تھی، لیکن پھر بھی معاملےکو متنازع نہیں بنایا۔
ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف عدالت کے ریلیف پر باہر گئے، حکومت کا کوئی تعلق نہیں، مسلم لیگ ن کی قیادت کو عدالتوں سے ریلیف ملا۔